پنجاب: سات ڈویژنز میں چیئرمین تعلیمی بورڈز کی تقرری کا اشتہار جاری

  • April 29, 2018 2:39 pm PST
taleemizavia single page

ملتان

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے سات تعلیمی بورڈز میں مستقل چیئرمین کی تقرری کے لیے ایک بار پھر اشتہار جاری کر دیا ہے۔ ان تعلیمی بورڈز میں چیئرمین کے عہدے کا چارج پانچ مہینے قبل متعلقہ ڈویژن کے کمشنرز کے حوالے کیا گیا تھا۔

محکمہ کی جانب سے جاری کیے گئے اشتہار کے مطابق 19 ویں اور 20 ویں گریڈز کے 57 سال کی عمر کے سرکاری ملازمین چیئرمین کے عہدے کے لیے درخواستیں جمع کرانے کے اہل ہوں گے۔

اشتہار کے مطابق 20 ویں گریڈ کے افسر کے انتظامی عہدہ پر تجربہ 5 سال جبکہ 19 ویں گریڈ کے افسر کا انتظامی عہدے پر 12 سال کا تجربہ ہونے کی شرط ہے۔

یہ بھی پڑھیں؛ کمشنرز تعلیمی بورڈز کے چیئرمین کے عہدوں پر قابض

پانچ سال تک چیئرمین بورڈ کے عہدے پر تعینات رہنے والے افراد کو نا اہل قرار دیا گیا ہے۔

اُمیدواروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ 8 مئی تک اپنی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔ ایسے اُمیدواروں کو نا اہل تصور کیا جائے گا جن کے خلاف عدالت میں کیسز زیر التواء ہیں۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب نے بہاولپور، فیصل آباد، گجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، ساہیوال اور سرگودھا کے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے چیئرمین کے عہدے کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں۔

چیئرمین کے عہدے پر ایم پی ٹو سکیل کی تنخواہ دی جائے گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *