پاکستان: کنٹونمنٹ بورڈزکے پرائیویٹ سکولز کی بندش شروع
- February 2, 2018 12:08 pm PST
اسلام آباد: پاکستان کے 43 کنٹونمنٹ بورڈز کی حدود میں قائم نجی تعلیمی اداروں کی مجوزہ بندش کیخلاف پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشنز جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے قانونی جنگ لڑنے کااعلان کیا ہے۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ نئی نسل کو تعلیم سے دور کرنے کی ہر سازش کا اجتماعی طاقت سے بھی جواب دیا جائے گا۔
نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے عہدیداروں ابرار احمد خان، محمدعثمان، ملک نسیم، طارق رحمن، ملک اظہر، شاہد محمود، ناصر محمود، چوہدری امجد زیب اور حافظ بشارت نے کہاکہ 43 کنٹونمنٹ بورڈ میں تین لاکھ تعلیمی ادارے ہیں جن میں 4 کروڑ 77 لاکھ بچے زیر تعلیم ہیں۔
دو کروڑ سے زائد بچے نجی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم ہیں، ان دو کروڑ بچوں کا تعلیمی مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔حکومت تعلیمی اداروں کے بارے میں پالیسی بنائے، رش کی وجہ سے تعلیمی ادارے بند کردینا کہاں کا انصاف ہے۔
ملک کے 70 فیصد تعلیمی ادارے نجی شعبہ سے جبکہ 30 فیصد سرکاری شعبہ سے وابسطہ ہیں اور مجموعی طور پر 6 کروڑ بچے سکول جانے کے قابل ہیں۔پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہداروں نےکہا کہ صرف نجی تعلیمی اداروں کو ٹارگٹ کرنا زیادتی اور نا انصافی ہے۔
کنٹونمنٹ کی حدود میں واقع کسی تجارتی مرکز کو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا جو خالصتاًکمرشل بنیادوں پر چل رہے ہیں۔