پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں طالبعلم کی فیس 8 لاکھ روپے مقرر
- September 26, 2017 1:22 pm PST
ملتان
پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹی ٹیوشنز نے میڈیکل کے طلباء کے نئے فیس سٹرکچر پر عمل درآمد کا فیصلہ قبول کر لیا ہے۔ نئی پالیسی کے تحت اب پرائیویٹ میڈیکل کالجز طالبعلم سے 8 لاکھ روپے سالانہ فیس وصول کرنے کے مجاز ہوں گے۔
پرائیویٹ میڈیکل کالجز نے سالانہ فیس 9 لاکھ روپے مقرر کرنے کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جسے تسلیم نہیں کیا گیا۔
پاکستان ایسوسی ایشن آف پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل انسٹیٹیویشنز کے صدر ڈاکٹر طارق سہیل کا کہنا ہے کہ ہم نے نئے فیس سٹرکچر کو قبول کر لیا ہے جس کے تحت آٹھ لاکھ روپے سالانہ فیس وصولی اور سات فیصد سالانہ اضافہ کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔
اُن کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ میں اپنے جواب میں کہا کہ حکومت میڈیکل کی ایک طالبعلم پر سالانہ 21 لاکھ روپے کے اخراجات برداشت کرتی ہے۔
اس وقت ملک کے 62 نجی میڈیکل کالجوں میں 6 ہزار 750 سیٹیں مختص ہیں جبکہ 39 سرکاری میڈیکل کالجز میں 7 ہزار 205 میڈیکل کی سیٹیں مختص ہیں۔ پاکستان میں پرائیویٹ ہسپتالوں کی تعداد 184 ہے جہاں پر 31 ہزار 641 بیڈز کی سہولت میسر ہے جبکہ سرکاری ہسپتالوں میں 43 ہزار 72 بیڈز موجود ہیں۔
ڈینٹل ایجوکیشن کے لیے 32 نجی ڈینٹل کالجز میں ایک ہزار 915 سیٹیں مختص ہیں جبکہ 11 سرکاری ڈینٹل کالجوں میں 650 سیٹیں مختص ہیں۔
پرائیویٹ میڈیکل کالجوں کو پی ایم ڈی سی نے پاپند بنایا ہے کہ وہ 60 فیصد سے کم نمبرز لینے والے طلباء کو داخلے دینے کے مجاز نہیں ہوں گے۔