پاکستان میں میڈیکل کالجز کے قیام کیلئے 9 رکنی کمیٹی تشکیل

  • June 16, 2017 11:57 am PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

وزیر اعظم نواز شریف نے میڈیکل، فارمیسی، طب، ہومیو پیتھک، نرسنگ کالجز اور یونیورسٹیز کے قیام، ڈگریوں اور نصاب کی ہائر ایجوکیشن کمیشن سے منظوری و تصدیق کے لیے کمیٹی تشکیل دی ہے۔

وفاقی سیکرٹری قومی صحت کی سربراہی میں 9 رکنی مشاورتی کونسل کمیٹی کی منظوری وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے دے دی گئی ہے۔ وزارت قومی صحت نے کمیٹی کی تشکیل کے تحریری احکامات بھی جاری کر دیے ہیں۔

مشاورتی کونسل کمیٹی کے چیئرمین وفاقی سیکرٹری وزارت قومی صحت جبکہ ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ، صدر اور رجسٹرار پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، صدر و رجسٹرار قومی طب کونسل، صدر و رجسٹرار ہومیو پیتھک کونسل، صدر و رجسٹرار نرسنگ کونسل، صدر و سیکرٹری کالج آف فزیشن اینڈ سرجن پاکستان، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے نمائندے بطور ممبر شامل ہوں گے۔

مشاورتی کونسل کمیٹی کے چیئرمین امور میں تعاون اور مشاورت کیلئے قومی صحت سمیت کسی بھی ادارے کے افسر کو بطور ممبر شامل کر سکتے ہیں۔ وزارت قومی صحت کے جاری احکامات کے مطابق مشاورتی کونسل کمیٹی وزارت قومی صحت کی تمام کونسلز کے مسائل کو حل کرنے کے لیے معاونت کریں گے۔

مشاورتی کونسل کمیٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ساتھ مشاورت کے ساتھ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، پاکستان فارمیسی کونسل، طب کونسل، ہومیو پیتھک کونسل کے کالجز و یونیورسٹیز کے معیار اور نصاب کا جائزہ لیں گے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک میں قائم میڈیکل کالجز و ینیورسٹیز و دیگر اداروں کے قیام اور ڈگریوں پر اعتراضات کر رکھے ہیں اور نرسنگ، ہومیو پیتھک، فارمیسی کی بیشتر ڈگریوں کی منظوری نہیں دی۔ ایچ ای سی نے ڈاکٹرز، فارماسسٹ، ہومیو ڈاکٹرز، حکیم اور نرسوں کی ڈگریوں کی دیگر تعلیمی ڈگریوں کی قابلیت کے مساوی تصدیق پر اعتراض کر رکھے ہیں اور مساوی ڈگریوں کے سرٹیفکیٹ جاری نہیں کیے جارہے۔

مشاورتی کونسل کمیٹی مذکورہ مسائل کو حل کر کے ایچ ای سی اور صحت کے تعلیمی اداروں کے مابین مشترکہ تعلیمی نظام قائم کرے گی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *