سائنسی شعور بیدار کرنے والی چند سائنسی کتب
- March 3, 2019 10:14 am PST
سلیم انور عباسی
دنیا کی عظیم ترین سائنسی کتابوں نے مغرب میں سائنس سے محبت کا عوامی شعور اجاگر کیا، جس کے ثمرات آج ہم ڈیجیٹل ورلڈ کی صورت ملاحظہ کر رہے ہیں۔
عوام میں سائنسی شعور کو اجاگر کرنے کا سہرا جارج سارٹن کے سر جاتا ہے. جنھوں نے سائنس کی تاریخ لکھ کرٹھہرے پانی میں پہلا پتھر پھینکا، جسے دیکھ کر مختلف سائنس دانوں نے سائنس کے ہر شعبے میں آسان الفاظ میں ایسی سینکڑوں مقبول سائنسی کتابیں لکھیں،جن سے عوام میں ایجادات و اختراعات کا شوق بڑھا۔
فلکیات، کونیات اور خلائی سفر
عوام کو کائناتی شعور دینے والی سدابہار کتابCosmos ماہر فلکیات کارل ساگاں کی محبت سے لکھی وہ کتاب ہے،جس کے نقش قدم پر اسٹیفن ہاکنگ جیسے عظیم ماہر کونیات نےA Brief History of Time جیسی شاندار کتاب لکھ کر تاریخ رقم کی۔ یہ دونوں سائنس داں خلائی مخلوق سے ملاقات اور وقت میں سفر کی آرزو لیے اس جہاں سے رخصت ہوئے۔
ان دو کتابوں کو مزید سہل بنانے کی سعی سائمن سنگھ نےBig Bang: The Origin of the Universe میں کی۔فلک پر چمکتےتاروں بھرے آسمان سے محبت کا والہانہ شوق چیٹ ریمیو کی 365 Starry Nights نے دلایا۔
حیاتیات اور فطری تاریخ
حیاتیات انسان کو جینے کا ڈھنگ دیتی ہے اور فطری تاریخ نباتات و جمادات سے پیار کا سلیقہ، اسے اُجاگر کرنے میںجس کتاب نے حیاتیات کے خدوخال بدل دئیے وہ چارلس ڈارون کی نظریہ ارتقا پر مبنی کتابThe Origin of the Species ہے۔ اس کتاب کو آپ کسی طور فراموش نہیں کرسکتے، جس کے بعد ہی علم بشریات نے پتہ چلایا کہ کس طرح ہم غاروں سے تہذیب کی جانب مائل ہوئے۔
جہدالبقا کی اس جدوجہد کو پھر طاقتور کی کمزور پر فتح کے سیاسی رنگ نے وہ رنگ جمائے کہ یہ بحث آج تک ختم نہیں ہوئی کہ کیا انسان کی سرشت میں جنگ اور بالادستی کا نشہ حاوی ہے؟ دوسری کتاب اسٹیفن جے گولڈ کیWonderful Life ہے،جس کا شمار فطری تاریخ کی کلاسیک کتابوں میں ہوتا ہے۔
اسی کتاب نے قدیم ترین رکازات سے ہمیں متعارف کرایا۔ جان جوئے میک فڈن اورجم الخلیلی کی مشترکہ کاوش Life on the Edge: The Coming of Age of Quantum Biologyمستقبل کے ان امکانات کے بارے میں بتاتی ہے جب حیاتیات، جینیات اور کوانٹم میکانیات مل کرایسی دنیا کوممکن بنائیں گے، جس میں ایک کلک پر پودے اُگاکریں گے۔
یعنی نش ونما کا فطری وقت ختم ہوجائے گا، بس بیج ڈالا اور دیکھتے ہی دیکھتے کونپلیں پھوٹیں اور گندم کی پوری فصل تیار ہوگئی۔
طبیعیات
طبیعیات میں ڈاکٹریٹ کی سند پانے والی ماہر نظری طبیعیات (اسٹرنگ تھیورسٹ) تسنیم زہرہ حسین نے اپنی تحریر کردہ کتابOnly the Longest Threads میں فزکس کے طالب علموں کو کہانیوں کے انداز میں آسان الفاظ میںطبیعیات کے بنیادی اصول اس انداز میں سمجھائے ہیں، جیسے فلسفے کی تاریخ کو ناول کی صورت میں جوسٹین گارڈنر نےSophie’s World میں سوفی نامی بچی کو خطوط کے ذریعے فلسفے کا شوق جگایا تھا۔
جدید طبیعیات کے بطن سے جنم لینے والی کونیات اور کوانٹم فزکس کی بنیاد آئن اسٹائن کے نظریہ اضافت پر قائم ہے، جس کی تاریخ اور خدو خال سے واقف ہونے کے لیےڈیوڈ بوڈینس کی کتاب A Biography of the World’s Most Famous Equation: آپ کے لیے اثاثہ ثابت ہوسکتی ہے۔
اگر کیوس تھیوری کا تعارف درکار ہے توجیمز گلیک کی کتاب Chaos: Making a New Science کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
نفسیات اور عمرانیات
نفس کی فریب کاریوں کو جاننے کے لیے سگمنڈفرائیڈ کی کلاسیک The Interpretation of Dreamsسدا بہار کتاب ہے۔
اس کی تفہیم کےلیے فرائیڈ کی تحریروں سے مرتب کردہ کتابThe Freud Reader بہترین ابتدا ہوسکتی ہے۔یہ گلدستہ آپ کے لیے پیٹر گے نے سجایا ہےجبکہ شینا آئی گر کی The Art of Choosing انتخاب وپسند کے فن سے آشنا کرتی ہے۔
نفسیات کو سائنس کے برابر مقام دلانے میںسائنسی صحافی گولڈ مان کی بہترین کتاب Emotional Intelligence بھی قابلِ دید ہے،جو جذبات کو ذہانت سے کنٹرول کرنے کی سائنس ہے۔
عمرانیات کے شعبے میںمقدمہ و تاریخ ابن خلدون کو مطالعے کے لیے لازمی رکھیے، جنھوں نے عمرانیات کو سماجی علوم سے نکال کر انسان کے معاشرتی سفر کی سائنسی انداز میں تشریح کرتے ہوئے اعلیٰ مقام پر فائز کیا.
جبکہ ایمائل ڈرخائم نے اپنی شاندار کتابRules of Sociological Methodمیں معروضی سائنسی طریقہ کار کو اپنا کر دنیائے عالم کی تاریخ میں معاشرے کے اذہان پر پڑنے والے اثرات کو شامل کرکے شہریت کی تعلیم کو بلندیاں عطا کیں۔