پی ایچ ای سی ایکشن: ہجویری یونیورسٹی اور گلوبل انسٹیٹیوٹ بند

  • January 20, 2017 8:51 pm PST
taleemizavia single page

لاہور/عاصم قریشی

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کا ہجویری یونیورسٹی اور گلوبل انسٹی ٹیوٹ کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے ہجویری یونیورسٹی کے فارمیسی اور انجینئرنگ پروگرامز بند کرنے کی منظوری دے دی ۔

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے لاہور میں منعقدہ اجلاس میں گلوبل انسٹی ٹیوٹ کی19 برانچوں کو غیر قانونی قرار دے کر بند کرنے کی سفارش کی گئی۔

چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں لاہور سمیت صوبے بھرکی پرائیویٹ یونیورسٹیوں پر تفصیلی بحث کی گئی۔

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کی الحاق کمیٹی کی ڈائریکٹر جنرل ضیاء بتول نے اجلاس کو بتایا کہ 8 نومبر کو کمیٹی کے ممبران ہجویری یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ یہ دورہ یونیورسٹی کے انجینئرنگ اور فارمیسی پروگرام کی منظوری کے لیے انفراسٹرکچر کا جائزہ لینے کے لیے کیا گیا۔

ضیاء بتول نے بتایا کہ مذکورہ دونوں پروگرامز میں داخلوں کے لیے مطلوبہ انفراسٹرکچر اور سہولیات موجود نہیں جس کی بناء پر ان دونوں پروگرامز کو بند کرنے کی سفارش کی جاتی ہے۔

چیئرمین پی ایچ ای سی کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں معیار پر پورا نہ اُترنے والے فارمیسی اور انجینئرنگ پروگرام کو بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

ارفع کریم ٹاور لاہور میں ہونے والے اس اجلاس میں گلوبل انسٹی ٹیوٹ کو بھی زیر بحث لایا گیا۔ اس ادارے کی لاہور سمیت صوبے بھر میں موجود برانچز میں کوالٹی آف ایجوکیشن پر گفتگو کی گئی۔

اجلاس میں گلوبل انسٹی ٹیوٹ کے ضوابط کے خلاف قائم کیے گئے 19 برانچوں کو فوری طور پر بند کرنے کی منظوری اور اخبارات میں اشتہار جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قانونی تقاضے اور ضوابط پورے نہ کرنے پر پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن والدین اور طلباء کو غیر قانونی کیمپسز سے متعلق آگاہ کرنے کے لیے جلد قومی اخبارات میں اشتہارات جاری کرے گا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *