پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کا صوبے میں نجی یونیورسٹیوں کے غیر قانونی سب کیمپس بند کرنے کا فیصلہ

  • September 29, 2016 11:49 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

پنجاب میں نجی یونیورسٹیوں کے غیر قانونی سب کیمپس اور فرنچائز بند کرنے کا فیصلہ،،، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اجلاس میں کیمپس بند کرنے کی منظوری دے دی گئی ۔

پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اہم اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پنجاب میں نجی یونیورسٹیوں کے ان تمام سب کیمپسزکو بند کیا جائے گا جو حکومت پنجاب کی اجازت کے بغیر کھولے گئے ہیں۔

کمیشن کے اجلاس میں یونیورسٹی آف ساؤتھ ایشیاءکے گجرات کیمپس پر ممبران نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور اس کیمپس کو فوری طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ارفع کریم ٹاور میں چیئرپرسن پنجاب ہائر ایجوکیشن ڈاکٹر نظام الدین کی زیر صدارت اہم ترین اجلاس ہوا۔

اجلاس میں سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب نسیم نواز، ڈاکٹر سہیل نقوی، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اکرم خاں، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ محمد اسلم، ڈاکٹر نجمہ نجم اور کمیشن کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں قائم پرائیویٹ یونیورسٹیوں کو نجی کالجوں سے الحاق کی اجازت نہیں ہوگی اور ایسی تمام یونیورسٹیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو بغیر حکومتی اجازت کے کالجوں سے الحاق کریں گی۔

نجی یونیورسٹیاں کالجوں سے الحاق ختم کر کے کمیشن کو رپورٹ کرنے کی پاپند ہوں گی۔ اجلاس میں مزید فیصلہ کیا گیا ہے کہ نجی یونیورسٹیوں کو فرنچائیزکھولنے کی اجازت نہیں ہو گی ،جاری ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرامز کا از سرنو جائزہ لیا جائے گا۔

اور جن یونیورسٹیوں میں یہ پروگرام غیر قانونی طورپر چلائے جارہے ہیں اُن کے کیس کمیشن کے سامنے پیش کیے
جائیں گے۔

اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ ایسے اداروں کے خلاف فوری کارروائی کا آغاز کیا جائے گا جنہوں نے اپنے پروگرامز کی حتمی منظوری کے لیے کمیشن کو کیس جمع نہیں کرائے۔

نجی یونیورسٹیوں میں ایم فل اور پی ایچ ڈی پروگرام کی جانچ پڑتال کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی کی تشکیل کی بھی منظوری دی گئی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *