پاکستان میں غیر ملکی طلباء کیلئے امریکی طرز کا مانیٹرنگ سسٹم
- December 26, 2017 7:36 pm PST
نیوز ڈیسک
وفاقی حکومت نے پاکستان آنے اور قیام کرنیوالے غیر ملکیوں کی مانیٹرنگ کیلئے امریکہ اور یورپ کی طرز پر ٹریکنگ سسٹم متعارف کروانے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔
بین الصوبائی رابطہ کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں وزارت خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری کی جانب سے پاکستان میں تعلیم کے حصول کیلیے آنیوالے طلباء اور خصوصی طور پر پاکستان کے مختلف حصوں میں افغان طلبہ کا معاملہ اٹھایا۔
انھوں نے مدارس میں زیر تعلیم افغان طلبہ کے تشدد پسند سرگرمیوں سے متعلق رابطوں کا معاملہ بھی اٹھایا جس پرنیشنل سیکیورٹی ایڈوائزر نے رائے دی کہ کسی بھی قسم کا کوئی اقدام اٹھانے سے پہلے مناسب پروسیجر اختیار کیا جائے۔
اور اگر کسی طالبعلم یا غیر ملکی کا پاکستان میں ویزے کی معیاد ختم ہونے کے بعد قیام کی صورت میں سُرخ جھنڈی ہونی چاہیے جب کہ اس کیس میں فوری کاروائی ہونی چاہیے جس پر وزارت خارجہ کے اسپیشل سیکریٹری نے بتایا کہ مختلف اقدامات زیر غور ہیں جس کے تحت ویزہ پالیسی و ویزہ رجیم پر بھی نظر ثانی کی جارہی ہے۔
اس موقع پر وفاقی وزیر داخلہ نے خواہش کا اظہار کیا کہ پاکستان میں آنیوالے غیر ملکیوں کی مانیٹرنگ کیلئے جدید نوعیت کا ٹریکنگ سسٹم ہونا چاہیے اوراس ٹریکنگ سسٹم کے ذریعے اسی طرز پر غیرملکیوں کی مانیٹرنگ کی جائے جس طرح امریکا اور یورپ میں کی جاتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ امریکا اور یورپ کی طرز پر پاکستان کیلئے بھی جدید نوعیت کا ٹریکنگ سسٹم تیار کیا جائے یہ سسٹم پاکستان میں تمام غیر ملکیوں کی ٹریکنگ کیلیے مددگار ثابت ہو گا۔
اس ضمن میں ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی معاونت سے غیر ملکی طلباء کے اعداد و شمار جمع کیے جائیں گے اور ان طلباء کو اس ٹریکنگ سسٹم میں لایا جائے گا۔ پاکستان بھر کی سرکاری و نجی جامعات میں زیر تعلیم انٹرنینشل سٹوڈنٹس کو پہلی بار ٹریکننگ سسٹم کے تحت لایا جائے گا۔