پاکستان کے2 لاکھ انجینئرز کی ڈگریاں امریکہ اور یورپ میں تسلیم ہوگئیں
- June 24, 2017 4:30 pm PST
اسلام آباد
پاکستان انجینئرنگ کونسل واشنگٹن آکارڈ کا مستقل ممبر ہوگیا، 2 لاکھ 25 ہزار انجینئرز کی ڈگریاں امریکہ اور یورپی ممالک میں قبول ہو گئی ہیں۔
پاکستان انجینئرنگ کونسل کو عالمی سطح کی تنظیم واشنگٹن آکارڈ کی مستقل رکنیت مل گئی ہے جس کے بعد ملک کے دو لاکھ پچیس ہزار انجینئرز کی ڈگریاں امریکہ اور یورپی ممالک میں قبول ہوگئی ہیں۔
جبکہ ان ممالک میں ملازمتوں کے حصول اور اعلیٰ تعلیم کیلئے پاکستانی انجینئرز ان ممالک میں ایم ایس سی یا دیگر
اعلیٰ ڈگری میں داخلے کیلئے گریجویشن کا امتحان یا مختلف ٹیسٹ پاس کرنا پڑتے تھے۔
پاکستان ایشیاء میں چین اور بھارت کے بعد واشنگٹن آکارڈ کی رکنیت حاصل کرنے والا تیسرا ملک ہے۔ پاکستان کو مستقل رکن بنانے کی منظوری امریکی ریاست الاسکا میں جاری واشنگٹن آکارڈ کی بین الاقوامی کانفرنس کے دوران متفقہ
طور پر دی گئی۔
معائدے کی دستاویز پر پاکستان انجینئرنگ کونسل کے چیئرمین جاوید قریشی نے دستخط کیے۔
واشنگٹن آکارڈ ایک بین الاقوامی تنظیم ہے جو بنیادی طور پر اُن ممالک کے پروفیشنل انجینئرز کی ڈگریوں کو تسلیم کرتی ہے جن کے پاس اس کی رکُنیت ہو۔ 1989ء میں قائم ہونے والی اس تنظیم کے رکن ممالک میں آسٹریلیا، کینیڈا،تائیوان،ہانگ کانگ، بھارت، آئر لینڈ، جاپان، کوریا، ملائیشیا، نیوزی لینڈ، روس،، سنگا پور،جنوبی افریقہ،سری لنکا، تُرکی، برطانیہ اور امریکہ شامل ہیں۔
اب اس تنظیم کی رکُنیت پاکستان کو بھی مل گئی ہے۔ واشنگٹن آکارڈ پروفیشنل اور چارٹرڈ انجینئرز کا لائسنس جاری کرنے کی قانونی تنظیم ہے جو اب پاکستان کے انجینئرز کو بھی یہ لائسنس جاری کرے گی جس کے بعد پاکستانی انجینئرز اب امریکہ اور یورپ میں بطور پروفیشنل انجینئرز کام کر سکیں گے۔