پرچہ آؤٹ ہونے پر اساتذہ کی آسامیوں کیلئے منعقدہ ٹیسٹ منسوخ

  • March 4, 2018 1:33 pm PST
taleemizavia single page

پشاور: خیبرپختونخوا میں اساتذہ کی خالی آسامیوں کیلئے منعقدہ ٹسٹ منسوخ کر دیا گیا۔سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن ارشد خان کے مطابق پرچہ تقسیم کرنے کے بعد انہیں معلوم ہوا کہ مقررہ وقت سے پہلے ہی پرچہ پی ڈی ایف فائل میں آؤٹ کیا گیا تھا جس کے بعد آج اور کل منعقد ہونے والا ٹیسٹ منسوخ کر دیا گیا۔

سرکاری ذرائع کے مطابق صوبہ میں پرائمری سکول ٹیچرز کی خالی آسامیوں کیلئے کل 18 ہزار امیدواروں نے حصہ لیا۔

سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ معاملے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ذمہ داروں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی جبکہ ٹسٹ کیلئے اگلی تاریخ کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔

دوسری جانب ٹیسٹ کا پرچہ آؤٹ ہونے کے خلاف بنوں کے اُمیدواروں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ بنوں پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے کے شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس) کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرین کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز ٹیسٹ کے انعقاد سے قبل پرچہ آؤٹ ہوگیا تھا اور دکانوں میں ہزاروں روپے کے عوض فروخت ہورہا تھا جو ‘این ٹی ایس’ انتظامیہ اور صوبائی حکومت کی نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے، انہوں نے مزید کہا کہ این ٹی ایس کی جانب سے ٹیسٹ منسوخ کرنے سے نہ صرف اُن کا قیمتی وقت ضائع ہوا بلکہ حقدار اُمیدواروں کا حق بھی غصب کیا گیا ہے۔

انہوں نے این ٹی ایس کے زیر اہتمام پرائمری کے اساتذہ سے سبجیکٹ سپیشلسٹ تک کی آسامیوں کے لئے ہونے والے ٹیسٹ کو منسوخ کرکے دوبارہ ٹیسٹ کا انعقاد کرنے اور پرچہ آؤٹ کرنے والے اہلکاروں کو سخت سے سخت سزاء دینے کا مطالبہ کیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published.