سندھ: 6 ہزار اساتذہ کی اسامیوں پر بھرتیاں ٹاؤن کی سطح پرہوگی
- May 26, 2017 11:10 am PST
کراچی: صفدر رضوی
حکومت سندھ نے سرکاری سکولوں میں اساتذہ و غیر تدریسی عملے کی بھرتیوں کے سلسلے میں یونین کونسلز کی سطح پر گزشتہ نظام ختم کرتے ہوئے نئی بھرتیاں ٹاؤن کی سطح پر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
حکومت نے پہلی بار سرکاری سکولوں میں تدریسی اسامیوں پر بھرتیاں بھی تحریری ٹیسٹ کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سکولز اساتذہ کی بھرتیوں کے سلسلے میں پہلے مرحلے میں 6 ہزار اسامیوں پر تقرریاں کی جائیں گی۔ مذکورہ پالیسی کی منظوری حکومت سندھ کی جانب سے دے دی گئی ہے جس کے بعد آئندہ مہینے تحریری ٹیسٹ کے لیے اظہار دلچسپی کا اشتہار جاری کر دیا جائے گا۔
پہلے مرحلے میں جونیئر سکولز ٹیچر کی 5 ہزار اسامیوں جکہ نئے متعارف کرائے گئے کیڈر ارلی چائلڈ ہڈ ایجوکیشن کی ایک ہزار اسامیوں پر بھرتیوں کی منظوری دی گئی ہے۔ اس نئے کیڈر کا گریڈ پندرہ مقرر کیا گیا ہے۔
یہ تمام بھرتیاں تحریری ٹیسٹ کی بنیاد پر ہوں گی جس کے لیے آئندہ ماہ ٹیسٹ لینے والے اداروں کے لیے اشتہار جاری کیا جارہا ہے۔ بھرتی ہونے والے اساتذہ کو تین سال کا کنٹریکٹ دیا جائے گا اور ان اسامیوں پر خواتین کو بھرتی کیا جائے گا۔ ان اسامیوں پر بھرتیوں کے لیے صرف سائنس اور انفارمیشن ٹیکنالوجی گریجویٹس کو بھرتی کیا جائے گا۔
ٹاؤن کی سطح پر ہونے والی ان بھرتیوں کو ٹاؤن میں ہی موجود سرکاری سکولوں میں تعینات کیا جائے گا۔