فنی تعلیم کا منصوبہ؛ 60 ہزار نوجوانوں کی مفت تعلیم، وظائف کا اعلان
- September 15, 2017 5:35 pm PST
اسلام آباد
نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے تحت وزیر اعظم سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے چوتھے مرحلے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ اس مرحلے میں پاکستان بھر سے مجموعی طور پر 60 ہزار 285 نوجوانوں کو فنی تعلیم پر مبنی شارٹ کورسز کرائے جائیں گے۔
اس سکیم کے تحت صوبہ بلوچستان، دیہی سندھ، گلگلت بلتستان، آزاد کشمیر، فاٹا اور جنوبی پنجاب کے ڈومیسائل رکھنے والے افراد کو ہی داخلے دیے جائیں گے تاہم اس کے لیے عمر کی حد 18 سال سے 40 سال تک مقرر کی گئی ہے۔
وزیر اعظم سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت داخل ہونے والے طلباء کو ماہانہ وظائف بھی دیے جائیں گے فاٹا کے طلباء کو چار ہزار روپے ماہانہ جبکہ دیگر تمام طلباء کو تین ہزار روپے ماہانہ وظیفہ دیا جائے گا۔
اُمیدواروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، ملتان اور فیصل آباد میں قائم ٹریننگ سنٹرز میں داخلے کی درخواستیں جمع کراسکتے ہیں۔
فنی تعلیم کے 40 سے زائد کورسز میں داخلوں کے لیے یہ بھی شرط عائد ہے کہ اُمیدوار کی کم از کم تعلیم مڈل ہو۔
جن اُمیدواروں کو اس سکیم کے تحت داخلے دیے جائیں گے اُنہیں ہاسٹل کی سہولت اور مفت کھانا بھی فراہم کیا جائے گا۔
اسلام آباد میں 105 سیٹیں، راولپنڈی، جہلم، اٹک چکوال میں 4 ہزار سیٹیں، آزاد جموںو و کشمیر 795 سیٹیں، گلگت بلتستان 4 ہزار سیٹیں، بلوچستان میں 4 ہزار سیٹیں، خیبرپختونخوا 6 ہزار سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔
فاٹا میں 6 ہزار 800 سیٹیں، سندھ 11 ہزار 700 سیٹیں، شمالی پنجاب میں 13 ہزار 785 سیٹیں اور جنوبی پنجاب میں 10 ہزار سیٹیں مختص کی گئی ہیں۔
نیوٹک نے ایسے تمام اداروں کی فہرست اپنی ویب سائٹ پر جاری کر دی ہیں جہاں پر فنی تعلیم سے متعلق یہ شارٹ کورسز منعقد ہوں گے۔ اُمیدواروں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنی پسند کے کوئی سے تین سنٹرز کا انتخاب کر سکتے ہیں جن میں سے اُنہیں ایک الاٹ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم سکل ڈویلپمنٹ پروگرام فیز فور کی درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 28 ستمبر مقرر کی گئی ہے۔ مزید تفصیلات نیوٹک کی ویب سائٹ سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔