ٹیکنالوجی کونسل کا اجلاس، یونیورسٹیوں کی معیار تعلیم پر بحث
- December 17, 2016 3:35 pm PST
اسلام آباد
ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے تحت ایکریڈیٹیشن کے لیے قائم کردہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کے چار سالہ ڈگری پروگرام کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
کونسل کا اجلاس ایچ ای سی سیکرٹیریٹ اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے ایجنڈے میں کوالٹی ایشورنس ایجنسی کے کردار اور تعلیمی اداروں کی کارکردگی کو جانچنا تھا۔
اس اجلاس میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد نے زور دیا کہ ادارہ جاتی فریم ورک کی تشکیل میں نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کا کلیدی کردار ہے اور اعلیٰ تعلیم کے اداروں میں معیار تعلیم پر رعائیت نہیں دی جائے گی۔ شرکاء نے چار سالہ انڈرگریجویٹ ڈگری پروگرامز کی کوالٹی پر بھی بحث کی۔
ڈاکٹر مختار احمد نے ایکریڈیٹیشن پالیسی ، ایکریڈیٹیشن پراسیس اور ٹیکنالوجی ماہرین کے سروس سٹرکچر کے حوالے سے نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے چئیرمین میجر جنرل (ر) اکبر سعید اعوان کی ٹیم کو نئی ویب سائٹ لانچ کرنے پر مبارکباد بھی پیش کی۔
اس موقع پر کونسل کی جانب سے ٹیکنالوجی کی تعلیم سے متعلق کمیٹیوں کو تشکیل دیا تاکہ کونسل کے ایکریڈیٹیشن اور رجسٹریشن کے عمل کو شفاف پالیسی اور لائحہ عمل کے تحت چلایا جا سکے۔
اِن کمیٹیوں میں آل انجینئرنگ ٹیکنالوجیز، لائف سائنسز، الائیڈ ہیلتھ سائنسز، زراعت ، میٹیریل سائنسز، طبعیات، انفارمیشن اینڈ کمیونیکشن ٹیکنالوجیز، دفاعی ٹیکنالوجیز، میرین ٹیکنالوجی، سپیس ٹیکنالوجی، نیچرل ریسورسز ٹیکنالوجیز اور دیگر ٹیکنالوجیز شامل ہیں۔ علاوہ ازیں مختلف ڈگری پروگرامز جو کہ نیشنل ٹیکنالوجی کونسل کے زیر اثر آتے ہیں پر بھی گفتگو ہوئی۔
موجودہ انجینئرنگ ٹیکنالوجیز ایجوکیشن پروگراموں کی بہتری کے لئے نیشنل ٹیکنالوجی کونسل نے مختلف تجاویز پیش کیں اور پروگراموں کے معیار کو بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر زور دیا۔