نیشنل کالج آف آرٹس سنگین سیکورٹی خدشات پر اچانک بند
- February 24, 2017 10:22 pm PST
لاہور
نیشنل کالج آف آرٹس کو سیکورٹی خطرات کے پیش نظر اچانک ایک ہفتے کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور ہاسٹل میں رہائش پذیر طلباء سے کمرے بھی خالی کرا لیے گئے ہیں۔
این سی اے کو سیکورٹی اداروں کی جانب سے ہائی الرٹ جاری کیا گیا اور رات گئے کالج انتظامیہ نے ہاسٹل خالی کرنے اور کالج کو بھی بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
نیشنل کالج آف آرٹس کے ترجمان راؤ دلشاد نے تعلیمی زاویہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ طلباء کے تحفظ کے پیش نظر ہاسٹل خالی کرانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم کالج ہاسٹل میں رہائش پذیر طلباء کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔
کالج انتظامیہ کی جانب سے ہاسٹل خالی کرنے کا فیصلہ رات نو بجے کے بعد کیا گیا جس پر طلباء بھی پریشان ہوگئے۔
این سی اے کے طالبعلم ناصر خان نے اس فیصلے پر کہا ہے کہ سیکورٹی خدشات کا کالج کو علم تھا تو یہ فیصلہ آج دن میں ہی کر لیا جاتا تاکہ اُنہیں رات کو گھر جانے کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
ناصر خان کوئٹہ کا رہنے والا ہے اور وہ اس وقت ہاسٹل چھوڑ کر کسی اور جگہ جانے پر بے حد پریشان ہے۔ ہاسٹل میں رہائش پذیر طالبہ ارم نور کہتی ہیں کہ اُن کا کوئی رشتے دار لاہور میں نہیں رہتا وہ رات کے دس بجے کہاں جائے؟ ارم نور کا کہنا ہے کہ وہ صادق آباد کی رہائشی ہے اور اس وقت صادق آباد کیلئے بس کا ملنا بھی ممکن نہیں ہے۔
نیشنل کالج آف آرٹس کے ہاسٹل میں تین سو سے زائد طلباء وطالبات رہائش پذیر ہیں جن سے زبردستی ہاسٹل خالی کرایا گیا ہے۔
این سی اے کے ترجمان کا موقف ہے کہ جن طلباء کے گھر پنجاب سے باہر ہیں اُن کے لیے کالج انتظامیہ کی جانب سے رہائش کا بندوبست کیا جائے گا اور طلباء کو پریشانی کی حالت میں اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔
واضح رہے کہ لاہور کے مال روڈ پر واقع نیشنل کالج آف آرٹس لبرل ایجوکیشن کا تاریخی ادارہ ہے اور اس کالج کو اس بناء پر زیادہ سیکورٹی خدشات کا سامنا ہے۔ این سی اے کو اسی وجہ سے ایک ہفتے تک کے لیے بند بھی کر دیا گیا ہے۔