سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب ذوالفقار گھمن نیب ریڈار پر
- August 16, 2020 6:46 pm PST
لاہور: راشد منظور
قومی احتساب بیورو (نیب) نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کے ساتھ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن پنجاب ذوالفقار گھمن کو بھی تحقیقات میں شامل کر لیا ہے۔
سیکرٹری ہائرایجوکیشن پنجاب ذوالفقارگھمن کے خلاف بطور ڈی جی اسپورٹس بورڈ پنجاب میں ملی بھگت سے خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
نیب لاہور نے حنیف عباسی اور ذوالفقار گھمن کے خلاف پنجاب سپورٹس بورڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن الزامات پر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔
نیب ذرائع کے مطابق سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب ذولفقار گھمن نے افسرز اور کنٹریکٹر کے ساتھ ملی بھگت کر کے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔
حنیف عباسی نے بطور چئیرمین سٹیرنگ کمیٹی اور اس وقت کےڈی جی ذولفقار گھمن نے مبینہ طور پر من پسند افراد کو نوازنے کیلئے پی ایم یو کے زیر تحت منصوبوں کا آغاز کیا۔
ذرائع کے مطابق ذوالفقار گھمن پر 3جنوری 2017 میں ایک ساتھ ہی 66 منصوبے شروع کرنے میں پیپرا رولز کی خلاف ورزی کرنے کا الزام ہے۔ 102 منصوبوں پر تعمیراتی کام کا آغاز کروایا جس میں سے 98 منصوبے مقررہ وقت پر مکمل ہونے میں ناکام رہے۔
ذوالفقار گھمن کے فیصلوں کی وجہ سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا گیا، اکرم ثعبان کا بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر انتخاب بھی مبینہ غیرقانونی طور پر کیا گیا
ذرائع نے بتایا ہے کہ ذوالفقار گھمن نے پنجاب سپورٹس بورڈ میں آسامیوں پر بھرتیوں کے لیے منسوخ شدہ اشتہارات دوبارہ جاری کرائے اور خلاف میرٹ بھرتیاں کیں، نیب ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کو جلد طلب کیا جائے گا۔