متحدہ طلبہ کا جامعہ پشاور کے تمام ڈپارٹمنٹس، کالجز بند کرنیکا اعلان
- December 9, 2017 8:53 pm PST
پشاور
متحدہ طلبہ محاذ نے 12 دسمبر کے بعد جامعہ پشاور کے تمام ڈیپارٹمنٹس اور جامعہ کے زیر انتظام چلنے والے تمام کالجز، ہاسٹلز اور کنٹین بند کرنے کا اعلان کردیاـ
پشاور یونیورسٹی کے وائس چانسلر آفس کے سامنے متحدہ طلبا محاذ پشاور یونیورسٹی کے چیئرمین بلال بونیری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال فیسوں میں 10 فیصد اضافے کے خلاف و دیگر مطالبات کے حق میں 28 نومبر کو دھرنا شروع کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے ساتھ 3 بار مذاکرات ہوئے جو ناکام ہوئے، وزیر ہائیر ایجوکیشن مشتاق غنی نے کہا تھا کہ دھرنا ختم کرو، ہم نے کہا مطالبات تسلیم کریں، انہوں نے کہا کہ مشتاق غنی نے مسائل سنے ہی نہیں بلکہ صرف دھرنا ختم کرنے کیلئے پریشر ڈال دیا۔
بلال بونیری نے کہا کہ صفائی اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ ان کا کوئی مطالبہ تسلیم نہیں کیا گیا یونیورسٹی انتظامیہ جھوٹ بولتی ہے کہ مطالبات منظور کرلئے گئے ہیں۔
چیئرمین متحدہ طلبہ محاذ کا مزید کہنا تھا کہ 15 سال سے جاری تعلیم دشمن پالیسی مزید نہیں چلے گی، سینڈیکیٹ اجلاس تک انتظار کررہے ہیں، اگر مطالبات تسلیم نہیں ہوئے تو 12 دسمبر کے بعد جامعہ پشاور کے تمام ڈیپارٹمنٹس، کالجز، ہاسٹلز اور کنٹین بند کردیں گے۔