منہاج یونیورسٹی لاہور کے ہاسٹل سے 320 طالبات کو نکال دیا گیا

  • May 28, 2018 12:36 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

عوامی تحریک کے رہنما اور منہاج القرآن یونیورسٹی ہاسٹل کے منتظم خرم نواز گنڈا پور کی ویڈیو لیک کرنے پر یونیورسٹی انتظامیہ نے 320 طالبات کو ہاسٹل سے نکال دیاہے۔

انتظامیہ نے طالبات کو 31 مئی تک ہاسٹل خالی کرنے کا حکم دیا ہے، گرلز ہاسٹل میں طالبات کے والدین نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جن بچیوں کا قصور ہے ان کو نکالا جائے باقی سب کو نہیں، باہر پرائیوٹ ہاسٹل کا خرچہ کہاں سے برداشت کریں گے۔

دوسری جانب طالبات کا کہنا ہے کہ چند طالبات کی حرکت کی سزا باقی طالبات کیوں بھگتیں، انتظامیہ کو چاہیے کہ انصاف سے فیصلہ کرے۔

واضح رہے کہ چند روز قبل منہاج القرآن یونیورسٹی ہاسٹل کے منتظم خرم نواز گنڈا پور کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس میں خرم نواز گنڈا پور منہاج القرآن یونیورسٹی کی طالبات پر غصے سے برس رہے ہیں۔

خرم نواز نے طالبات کو ڈانٹتے ہوئے انتہائی بدتمیزی کی اور سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ ’ابھی تم نے میرا دوسرا روپ نہیں دیکھا، تم لوگوں کے ماں باپ نے تمہیں تمیز نہیں سکھائی؟ جس کی آواز نکلی وہ باہر جائے گی جو ہیرو اور دلیر بنتی ہیں ذرا منہ کھول کر دکھائیں۔

خیال رہے کہ منہاج یونیورسٹی کی طالبات نے ہاسٹل میں رمضان المبارک سے متعلق سحری و افطاری کے ناقص انتظامات پر انتظامیہ کے خلاف احتجاج کیا تھا اوراس احتجاج کو روکنے کے لیے خرم نواز گنڈا پور نے طالبات کو دھمکیاں دی تھیں۔ اس واقعہ کے بعد منہاج یونیورسٹی کے طلباء نے طالبات کا ساتھ دینے کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا تھا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *