ملالہ یوسفزئی نے آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ لے لیا

  • August 17, 2017 9:19 pm PST
taleemizavia single page

ویب ڈیسک

نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کو برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں داخلہ مل گیا ہے۔ یہ اعلان ملالہ نے برمنگھم میں اپنا اے لیول کا نتیجہ آنے کے بعد ٹوئٹر پر کیا ہے ملالہ نے دوسرے طالب علموں کو بھی ان کے نتائج کے لیے مبارکباد دی۔

ملالہ فلاسفی، سیاست اور اکنامکس کا مطالعہ کریں گی۔

انیس سالہ ملالہ یوسفزئی 2012 میں طالبان کی جانب سے کیے جانے والے حملے میں شدید زخمی ہوئی تھیں۔ ملالہ لڑکیوں کے تعلیم کے حق کی مہم چلا رہی تھیں۔

ملالہ کو اس وقت سر میں گولی ماری گئی تھی جب وہ سکول سے گھر جا رہی تھیں۔ ملالہ شمال مغربی پاکستان سے بی بی سی اردو سروس میں گل مکئی کے نام سے ڈائری لکھا کرتی تھیں کہ طالبان کے خوف کے سائے میں زندگی کیسی ہے۔

شدت پسندوں نے ان کی بس میں سوار ہوکر فائرنگ کی جس میں انکے ساتھ مزید دو لڑکیاں زخمی ہوئی تھیں۔

اس حملے کے بعد ملالہ پوری دنیا میں مشہور ہوئیں اور انہیں ان کے خاندان کے ساتھ پاکستان سے برمنگھم منتقل کر دیا گیا۔

مارچ میں انہوں نے بتایا تھا کہ برطانیہ کی ایک یونیورسٹی نے کہا ہے کہ اگر وہ امتحان میں تین اے حاصل کر لیں تو انہیں داخلہ دیدیا جائے گا۔


بشکریہ بی بی سی اُردو

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *