عدالت کا بی زیڈ یو لاہور کا متنازعہ کیمپس دوبارہ کھولنے کا حکم
- March 28, 2017 10:59 pm PST
لاہور
بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کو عدالت نے اپنے عبوری حکم نامے کے تحت دوبارہ سے کھولنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ لاہور ہائیکورٹ کے فل بنچ نے کیس کی سماعت کے دوران عبوری فیصلہ سُنایا۔
اس فُل بنچ میں جسٹس سید مظاہرعلی اکبرنقوی،جسٹس مسعود جہانگیراورجسٹس عاطرمحمود شامل تھے جنہوں نے بی زیڈ یو لاہور کیمپس کو فعال کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔
فُل بنچ نے اس کیس کی سماعت کے دوران کے ہائر ایجوکیشن کے چیئرمین ڈاکٹر مختار احمد، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے رجسٹرار ڈاکٹر مطاہر اقبال، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹ عمر چوہدری، سیکرٹری ہائر ایجوکیشن پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ نسیم نواز اور ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل شان گل پیش ہوئے۔
بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی لاہور کیمپس کے سابق چیئرمین منیراحمد بھٹی کے وکلاء نےعدالت کوبتایا کہ بی زیڈ یوملتان کی سنڈیکٹ نےلاہورکیمپس کے قیام کی منظوری نہیں دی۔انہوں نےاستدعاکی کہ پہلےبی زیڈ یولاہورکیمپس کےقیام کی قانونی حیثیت بارے فیصلہ کیا جائے تاکہ اس کیمپس کا مستقبل محفوظ ہوسکے۔
بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے لیگل ایڈوائزر ظفراللہ خان نے بتایا کہ وزیراعلی کی سمری کےمطابق بی زیڈ یولاہور کیمپس کانوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا تھا۔
کیس کی سماعت کے دوران سیکرٹری ہائرایجوکیشن پنجاب نسیم نوازنےعدالت کو بتایا کہ بی زیڈ یو لاہورکیمپس کے492 طلبہ کودیگرتعلیمی اداروں میں داخلے دلوانے کےلیے فہرستیں تیارکرلی ہیں اور ان طلباء کو وہاں شفٹ کیا جارہا ہے۔ اُنہوں نے بتایا کہ ان یونیورسٹیز میں یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور، جی سی یونیورسٹی فیصل آباد بھی شامل ہے۔
عدالت نےدلائل سننےکےبعد بی زیڈ یو لاہور کیمپس کو فعال کرنے کاعبوری حکم دے دیا۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت چھ اپریل تک ملتوی کردی ہے۔
عدالتی فیصلے کے دوران بی زیڈ یو لاہور کیمپس کے طلباء بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے جس کے بعد ان طلباء نے فیصلے پر جشن منایا۔ دوسری جانب اس فیصلے کے فوری اعلان کے بعد لاہور کیمپس کے طلباء نے مٹھائیاں تقسیم کیں اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا۔