لاہورکے پروفیسر کے قتل میں ملوث چاروں ملزم گرفتار
- January 15, 2017 8:37 pm PST
لاہور
سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس نے گورنمنٹ سائنس کالج کے پروفیسر راؤ الطاف کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم سمیت چاروں ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق سی آئی اے اقبال ٹاؤن پولیس نے گورنمنٹ سائنس کالج کے پروفیسر راؤالطاف کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم راؤ قیصر سمیت تین ملزمان اظہار،عدنان اورعابد کو گرفتار کر لیا۔
مرکزی ملزم راؤ قیصر مقتول پروفیسر کا ہم زلف ہے جسے دبئی سے گرفتار کیا گیا۔ ملزمان نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کر لیا، ملزمان میں سے دو نے ریکی جبکہ دو ملزمان نے فائرنگ کی تھی۔
واضح رہے کہ وحدت کالونی کے علاقے میں گورنمنٹ سائنس کالج کے پروفیسر راؤالطاف کو 13 نومبر ٓ2016 کی صبح نامعلوم افراد نے فائرنگ کر کے بے رحمی سے قتل کر دیا تھا۔
پروفیسر راؤ الطاف کی نعش کے پوسٹمارٹم کی رپورٹ کے مطابق اُنہیں سر اور چہرے میں چھ گولیاں لگی تھیں۔
رپورٹ کے مطابق راؤ الطاف کو بائیں بازو میں تین ، گردن پر ایک گولی لگی۔ ایک گولی بائیں کان اور گردن کے درمیان جبکہ چھٹی گولی بائیں گال میں لگی اور نائن ایم ایم کا پستول استعمال کیا گیا تھا۔
پروفیسر راؤ الطاف حسین کو اُس وقت قتل کیا گیا جب وہ اپنے بچوں کو صبح سکول چھوڑ کر گھر واپس جارہے تھے اور دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے اُنہیں فائرنگ کر کے قتل کیا۔