لاہور عجائب گھر نیشنل کالج آف آرٹس کی ملکیت میں واپس دیا جائے۔ صدر پاکستان
- August 22, 2016 9:14 pm PST
لاہور
لاہور عجائب گھر، ٹولنٹن مارکیٹ اور وزیر خانہ بارہ دری نیشنل کالج آف آرٹس کی ملکیت ہیں۔
ایوان صدر سے وزیر اعلیٰ پنجاب کو لکھے جانے والے خط کے بعد پنجاب حکومت پریشانی میں مبتلا ہوگئی ہے۔
ایوان صدر سے لاہور عجائب گھر، ٹولنٹن مارکیٹ، وزیر خان بارہ دری کو نیشنل کالج آف آرٹس کے حوالے کرنے سے متعلق وزیر اعلیٰ پنجاب کو خط لکھا گیا ہے۔
صدر پاکستان کی جانب سے وزیر اعلیٰ پنجاب کے نام لکھے گئے خط کے بعد کارروائی کا آغازکر دیا گیا ہے۔
خط کے متن کے مطابق لاہور میوزیم اصل میں نیشنل کالج آف آرٹس کی ملکیت تھا، اور عجائب گھر کے انتظامی معاملات اور تاریخی اشیاء کی حفاظت بھی این سی اے کے ذمہ تھیں۔
تاہم عجائب گھر کو محکمہ ثقافت کے حوالے کر دیا گیا۔ خط کے مطابق ٹولنٹن مارکیٹ اور وزیر خان بارہ دری بھی نیشنل کالج آف آرٹس کی ملکیت رہا ہے جسے این سی اے سے الگ کر دیا گیا۔
صدر پاکستان نے بطور پیٹرن انچیف نیشنل کالج آف آرٹس صوبائی حکومت کویہ تینوں تاریخی عمارتیں این سی اے کو واپس کرنے کا کہا ہے۔ تاکہ ثقافتی ورثہ محفوظ بنایا جا سکے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب حکومت کے متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے پرنسپل این سی اے کے ساتھ ابتدائی میٹنگز کی ہیں جس میں ان تینوں تاریخی عمارتوں پر بات چیت کی گئی ہے۔
صدر پاکستان کی جانب سے جون کے مہینے میں لکھے گئے خط کا پنجاب حکومت نے تاحال جواب نہیں دیا۔