پشاور: 150 گرلز کمیونٹی سکولز میں ٹیلی تعلیم کا منصوبہ شروع

  • September 28, 2017 9:42 pm PST
taleemizavia single page

پشاور

خیبر پختونخوا کے 14 اضلاع میں ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈ یشن کے 150گرلز کمیونٹی سکولوں میں ٹیلی تعلیم پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

جس کے مطابق چوتھی اور پانچویں جماعتوں کی طالبات کو انگلش، ریاضی اور سائنس کے مضامین خصوصی طور پر پڑھائے جائیں گے اور بتدریج اس کا دائرہ کارفاؤنڈیشن کے تما م سکولوں تک بڑھادیا جائے گا۔

یہ اعلان خیبر پختونخواکے وزیر ابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے ا یلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس میں کیا۔

اس موقع پر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جاری مختلف پراجیکٹس اور پروگرامز خصوصاً گرلز کمیونٹی سکولز، اقراء فروغ تعلیم ووچرز سکیم اور تعمیر سکول پروگرام پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اس کو مزید مضبوط ومستحکم بنانے، کارکردگی بڑھانے ، سٹرکچراور لرننگ پروگراموں کو موثر بنانے کیلئے عاطف خان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ نئے آئیڈیاز کے ساتھ آگے آئیں اور مضبوط مالی نظم و ضبط وضع کریں۔

انہوں نے کمیونٹی سکولوں کی تعداد بڑھانے اور اقراء فروغ تعلیم ووچرز سکیم کو وسعت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے حکام سے کہاکہ وہ سکولوں سے باہر لاکھوں بچوں پراپنی توجہ مرکوز کریں اور اس کیلئے خصوصی لائحہ عمل بنائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت کی تعلیمی پالیسی اوراصلاحات کا واحدمقصدصوبے کے ہر بچے کو معیاری تعلیم سے آراستہ کرنا ہے لہٰذاس ا ہم مقصد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ۔

وہ مزید کہتے ہیں کہ ترقی یافتہ خیبر پختونخوا کا خواب شرمندہ تعبیر کرنے کیلئے تعلیم کو عام کرنا ہوگا اور سرکاری سکولوں میں حقیقی تبدیلی لانا ہو گی کیونکہ ان سکولوں میں 40لاکھ سے زیادہ غریب اور متوسط طبقے کے بچے پڑھتے ہیں۔

اجلاس میں سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر شہزاد بنگش ، سپیشل سیکرٹری قیصر عالم ، فاؤنڈیشن کے نئے ایم ڈی ذوالفقار احمد،بورڈ کے ارکان اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *