خیبر پختونخواہ: ایلیمنٹری ایجوکیشن فنڈز میں 66 ملین خرد برد، پانچ بنک افسران گرفتار
- August 31, 2016 3:30 pm PST
محمد بشارت، پشاور
خیبر پختونخواہ احتساب کمیشن نے پانچ بنک افسران کو گرفتار کر لیا ہے۔
احتساب کمیشن کے مطابق ان بنک افسران نے 6 کروڑ 60 لاکھ روپے کے فنڈز میں خرد برد کی ہے۔
گرفتار بنک افسران میں بنک آف دبئی اسلامیہ کے مینجر کامران خان، الفلاح بنک یونیورسٹی روڈ پشاور برانچ کے موجودہ مینجر اور سامبا بنک کے سابق مینجر مستنصر کو گرفتار کیا گیا ہے۔
عسکری بنک کے موجودہ مینجر افراز احمد،سلک بنک پشاور کے مینجر شکیل اصغر اور آپریشنل مینجر سلک بنک پشاور عبد الحسیب کو گرفتار کیا گیا ہے۔
خیبر پختونخواہ کے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے رواں سال تعمیر سکول پروگرام لانچ کیا گیا ہے اس پروگرام کی سرپرستی خیبر پختونخواہ کی حکومت کر رہی ہے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ان بنک افسران نے ایلیمنٹری ایجوکیشن کے مختلف پراجیکٹس کی مد میں پیسوں کی خرد برد میں معاونت کی ہے۔ خیبر پختونخواہ احتساب کمیشن ان افسران کو عدالت پیش کر کے ریمانڈ لینے کی کوشش کرے گا۔
احتساب کمیشن نے پریس ریلیز کے ذریعے سے ان افسران کی گرفتاری کی خبر جاری کی ہے۔