نجی سکولوں کی رجسٹریشن کا اختیار تعلیمی بورڈز سے واپس
- December 30, 2017 9:26 pm PST
پشاور (آئی این پی ): خیبر پختونخوا پرائیویٹ سکولز ریگولیٹری اتھارٹی کے مینجنگ ڈائریکٹر سید ظفر علی شاہ نے واضح کیا ہے کہ پی ایس آر اے ایکٹ کی منظوری اور نفاذ کے بعد صوبے بھر کے ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈزنے نئے پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن کا عمل بند کر دیا ہے۔
کیونکہ اب نئے قانون کے مطابق یہ کام اتھارٹی کی ذمہ داری بن چکا ہے جبکہ بورڈز کا کردار تعلیمی امتحانات اور نتائج تک محدود ہوگیا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف سیکرٹری کی واضح ہدایات کے تحت تمام بورڈز اب تک رجسٹرڈ پرائیویٹ سکولز کی مکمل فہرست اور تفصیلات کی اگلے دو روز میں اتھارٹی کو منتقلی مکمل کر لیں گے جس کیلئے ان کا عملہ بھی بورڈز سے رابطے میں ہے۔
جبکہ بورڈز چیئرمین صاحبان آئندہ لائحہ عمل طے کرنے، نجی سکولوں کی رجسٹریشن و بہتری کا عمل مربوط بنانے اور ایک جامع کمپیوٹرائزڈ پروفارما کی تیاری کیلئے اپنی تجاویز اور قیمتی آراءسے بھی اتھارٹی کو آگاہ کریں گے۔
وہ محکمہ تعلیم سول سیکرٹریٹ پشاور کے کمیٹی روم میں نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں بورڈز چیئرمینوں اور سیکرٹریوں کے علاوہ انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے ڈائریکٹر اور دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں پرائیویٹ سکولز کی رجسٹریشن اور کارکردگی کو مربوط بنانے کے علاوہ پرائیویٹ سکولز ایکٹ کے نفاذ اور اس کے تحت نئی اتھارٹی کے قیام کے تناظر میں معاملات اور فرائض کے تعین کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور ضروری فیصلے کئے گئے جبکہ بورڈز حکام نے رجسٹریشن کا عمل مربوط بنانے کیلئے متعدد سفارشات بھی دیں۔
ایم ڈی اتھارٹی نے واضح کیا کہ بورڈز کی طرف سے اب رجسٹر شدہ نجی تعلیمی اداروں کے مکمل کوائف ملنے کے بعد اتھارٹی انڈیپنڈنٹ مانیٹرنگ یونٹ کے توسط سے اضلاع کی سطح پر تمام نجی سکولوں کا سروے کرے گی جس کی تکمیل کے بعد چار جنوری کو اتھارٹی چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس میں نئے سکولوں کی رجسٹریشن شروع کرنے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔