یوتھ ایکسچینج پروگرام:میڑک کے 75پاکستانی طلباء امریکہ پڑھنے جائیں گے
- July 18, 2017 1:21 pm PST
رپورٹ
امریکی حکومت کی اعانت سےجاری کینیڈی لوگر یوتھ ایکسچنج اینڈ اسٹڈی پروگرام (یس) کےسابق طالب علموں نے اسلام آباد میں رواں برس یس پروگرام کےتحت امریکہ جانے والے 75 طالب علموں کے ساتھ وہاں اپنے قیام اورامریکی اسکولوں اور ثقافت کےحوالے سے اپنے تجربات بیان کئے ۔ یہ طالب علم ایک سالہ دورانیے کے یس تعلیمی تبادلہ پروگرام میں شرکت کے لیے عنقریب امریکہ روانہ ہوں گے۔
امریکی بیورو آف ایجوکیشنل اینڈ کلچرل افیئرز کے تحت “یس” پروگرام پاکستان میں 2003ء میں لانچ کیا گیا تھا اس پروگرام کے تحت پاکستان کے نوویں، دسوویں جماعت اور او لیول کے ایسے طلباء کو امریکہ پڑھنے کے لیے لیکر جایا جاتا ہے جن کی عمر 15 سال سے 17 سال کے درمیان ہو۔
اس پروگرام کے تحت ان پاکستانی طلباء دو سال کے لیے امریکہ جاتے ہیں اور پروگرام کی شرائط کے تحت پاکستانی طلباء کو ہاسٹلز میں رکھنے کی بجائے اُنہیں امریکی فیملیز کے ساتھ رکھا جاتا ہے تاکہ اُنہیں امریکی ثقافت اور طرز زندگی سے شناسائی ہوسکے۔
امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور جوناتھن پریٹ نےاس پروگرام کے سابق اور امسال امریکہ جانے والے طالب علموں کے اعزاز میں اسلام آباد میں منعقدہ ایک تقریب سےخطاب کرتے ہوئے تبادلہ پروگرام کے شرکاء کوان کی تعلیمی کامیابیوں پرمبارکباد دی ۔
امریکی سفارتخانے کے ناظم الامور نے کہا کہ امریکہ میں غیرملکی طالب علموں کو خوش آ مدید کہناپرانی روایت ہے کیونکہ وہ ہمارے ملک اوروہاں کی درسگاہوں میں تنوع لاتے ہیں۔ امریکی سفارتخانہ مختلف تعلیمی اور پیشہ وارانہ پروگراموں کے تحت ہر سال 1000 کے لگ بھگ پاکستانی طالب علموں کو مختلف امریکی جامعات میں تعلیم کے حصول کیلئے اعانت فراہم کرتا ہے۔
انٹرنیشنل ایجوکیشن اینڈ ریسورس نیٹ ورک کے زیراہتمام 2004ء سے لے کر اب تک 900 سے زائد پاکستانی طالب علم یوتھ ایکسچنج اینڈ اسٹڈی پروگرام (یس) میں شرکت کر چکے ہیں ۔
آئی ای اے آر این کی کنٹری ڈائریکٹر فرح کمال نے کہا کہ یس پروگرام کے تحت نوجوان پاکستانی طالب علم قائدانہ صلاحیتوں ، سماجی خدمات کی لگن اورتنقیدی فکر جیسی مہارتوں کی تربیت حاصل کرتے ہیں جومستقبل میں ان کیلئے اور ان کی قوم کیلئے فائدہ مند ثابت ہونگی۔
دوبارہ داخلے کےسیمیناراورروانگی سے قبل تعارفی تقریب کے دوران 2016ء کے یس پروگرام کے سابق طالب علموں نے 2017ء کے یس پروگرام کےشرکاء سےامریکہ میں اپنےقیام کےتجربات بیان کیےاورطلباء پر زوردیا کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے امریکہ میں سماجی خدمات اورغیر نصابی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔
یوتھ ایکسچنج اینڈ اسٹڈی پروگرام(یس) کی سابقہ شریک درنایاب نے کہا کہ مجھے پروگرام میں شرکت کے بعد بہت اعتماد ملا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام میں شرکت سے قبل میں اتنی پر اعتماد نہیں تھی مگر ابھی میرا اعتماد بہت بڑھا ہے۔ میں اس تبدیلی جس کا ذکر ہمیشہ کیا جاتا ہے کیلئے مکمل طور پر تیار ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں معاشرے میں مثبت تبدیلی لا سکتی ہوں جسکا سہرا یوتھ ایکسچنج اینڈ اسٹڈی پروگرام(یس) کو جاتا ہے۔