کراچی یونیورسٹی: ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی طلباء کا مستقبل داؤ پر

  • May 2, 2017 12:24 pm PST
taleemizavia single page

کراچی: صفدر رضوی

کراچی یونیورسٹی میں ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام میں داخلوں کے لیے ایک ہزار ایک سو طلباء داخل ہیں جن کا پی ایچ ڈی میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کا انعقاد ہونا تھا۔

کراچی یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر نبیل زبیری کی جانب سے 17 اپریل کو نوٹیفکیشن جاری ہوا جس میں کہا گیا کہ پندرہ روز میں پی ایچ ڈی میں داخلوں کے ٹیسٹ کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔

یونیورسٹی ذرائع کے مطابق ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی میں داخل طلباء کی تعداد گیارہ سو ہے جو کہ پی ایچ ڈی کے انٹری ٹیسٹ کے منتظر ہیں جبکہ ان میں یونیورسٹی کے ریسرچ سکالرز بھی شامل ہیں۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن نے کراچی یونیورسٹی کی ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام کی ڈگریوں کی تصدیق بھی روک رکھی ہے۔ ایچ ای سی کی پالیسی کے مطابق پی ایچ ڈی میں داخلہ کیلئے ایم فل کی ڈگری ہونا لازمی ہے۔

دوسری جانب کراچی یونیورسٹی میں اس پروگرام کی رائج پالیسی کے تحت ایم فل کی ڈگری کے بغیر طالبعلم پی ایچ ڈی میں ہی داخل ہوجاتے تھے۔

ایچ ای سی نے ہدایات جاری کی ہیں کہ پہلے طلباء کو ایم فل کی ڈگری جاری کی جائے اُس کے بعد انہیں پی ایچ ڈی میں داخلہ دیا جائے۔ یونیورسٹی کی جانب سے ایم فل لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام کے طلباء کو واضح پالیسی بھی نہیں بتا سکی جس کے باعث طالبعلم پریشان ہیں۔

اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ طلباء نے ایچ ای سی سے اپیل کی ہے کہ وہ یونیورسٹی سے براہ راست بات چیت کر کے اس مسئلے کا فوری حل نکالے تاکہ اُن کا مستقبل محفوظ رہ سکے۔

تعلیمی زاویہ نے یونیورسٹی کے رجسٹرار سے اس معاملے پر موقف لینے کے لیے متعدد بار رابط کرنے کی کوشش کی تاہم اُن سے موبائل فون پر بات نہ ہوسکی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *