جامعہ کراچی: فنڈز اختلاف پر ڈائریکٹر بینظیر چیئر عہدے سے فارغ

  • June 8, 2017 2:18 pm PST
taleemizavia single page

کراچی: صفدر رضوی

جامعہ کراچی میں شہید بے نظیر بھٹو ریسرچ چیئر کی ڈائریکٹر اور وزیر اعلیٰ سندھ ہاؤس کے سیکرٹری برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز کے مابین 44 کروڑ روپے کے فنڈز کے استعمال پر پیدا ہونے والے اختلافات کے باعث چیئر کی ڈائریکٹر کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔

سیکرٹری برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز نوید شیخ نے مبینہ طور پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اجمل خان پر دباؤ ڈالتے ہوئے چیئر کی خاتون ڈائریکٹر سحر گل کو عہدے سے زبردستی سکبدوش کر دیا ہے۔

بتایا جارہا ہے کہ سیکرٹری نوید شیخ کے اختیارات یونیورسٹی میں تعینات ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو دلوانا چاہتے تھے اور مقصد کے حصول میں ناکامی کے بعد اب بے نظیر بھٹو چیئر کے فنڈز کو روک لیا گیا ہے۔ اسی طرح نوید شیخ کی مداخلت پر بے نظیر کنونشن سنٹر اورچیئر کی عمارت کی تعمیر بھی رکوا دی گئی ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ بے نظیر بھٹو چیئر کا فنڈ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سید قائم علی شاہ کے دور میں 442 ملین روپے کا پی سی ون منظور ہوا تھا۔

یونیورسٹی ذرائع نے بتایا ہے کہ سحر گل نے فنڈز کا غلط استعمال کیا جس میں ذاتی استعمال کے لیے گاڑی کی خریداری اور ملازمین کے لیے الاؤنس کی مد میں پیسے جاری کرنا شامل ہے۔ یہ الزام آڈٹ رپورٹ میں بھی ثابت ہوچکا ہے۔

سبکدوش ڈائریکٹر سحر گل نے اپنے موقف میں کہا ہے کہ سیکرٹری نوید شیخ بے نظیر بھٹو چیئر کے فنڈز کو استعمال کرنے کا اختیارات جامعہ کراچی میں تعینات ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کو منتقل کرنا چاہتے ہیں۔ سحر گل کا موقف ہے کہ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ فنانس سعید شیخ ، سیکرٹری نوید شیخ کے سگے بھائی ہیں۔

سحر گل نے الزام عائد کیا ہے کہ سعید شیخ اپنے بھائی کے اثر و رسوخ کی بناء پر انجینئر نہ ہونے کے باوجود عہدے پر تعینات ہیں۔

یونیورسٹی انتظامیہ کا موقف ہے کہ سحر گل کی بطور ڈائریکٹر مدت ملازمت پوری ہو چکی ہے اور اُنہیں سبکدوش نہیں کیا گیا۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *