جامعہ کراچی میں طلباء کی فیسوں میں 35 فیصد تک اضافہ کر دیا گیا

  • November 10, 2017 2:20 pm PST
taleemizavia single page

کراچی

مالی مشکلات کی شکار جامعہ کراچی نے بحران سے نکلنے کے لیے فیسوں میں 35 فیصد تک اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اکیڈمک کونسل کے اجلاس میں فیسوں میں اضافے کی منظوری بھی حاصل کر لی گئی ہے۔

صوبائی حکومت کی جانب سے مسائل کو نظر انداز کرنے کے باعث بیشتر جامعات نے مالی خسارے کا بوجھ طلباء و طالبات پر ڈالنا شروع کر دیا ہے۔

سندھ کی سب سے بڑی سرکاری یونیورسٹی نے بھی تمام شعبہ جات میں فیسوں میں اضافہ کا فیصلہ کر لیا ہے۔ کلیہ امور نظم و انتظامی میں سیلف فنانس میں بیچلرز کی فیس چار لاکھ سے بڑھا کر پانچ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ ماسٹرز کی فیس ایک لاکھ روپے اضافے کے ساتھ تین لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

شعبہ امور کیمیکل انجینئرنگ میں بیچلرز کی فیس چار لاکھ تھی جو اب پانچ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ کلیہ سماجی علوم ، قانون، تعلیم اور معارف اسلامیہ میں بیچلرز کی فیس تین لاکھ تحی جو بڑھا کر چار لاکھ روپے کر دی گئی ہے اور ایم اے کی فیس دو لاکھ سے بڑھا کر تین لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔

کلیہ علوم ادویہ کی فیس پانچ لاکھ روپے سے بڑھا کر چھ لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر فزیکل تھراپی کی فیس تین لاکھ سے بڑھا کر چار لاکھ روپے کر دی گئی ہے۔
فیکلٹی آف سوشل سائنسز بی ایس آنرز اور ایم اے مارننگ کی فیس فی سمیسٹر 8500 تھی جس میں اضافہ کر کے 10 ہزار دو سو روپے کر دی گئی ہے۔

کریمنالوجی کی فیس 19 ہزار روپے سے بڑھا کر 22 ہزار 900 روپے کر دی گئی ہے۔ ویژول اسٹڈیز کی فیس 32 ہزار سے بڑھا کر 38 ہزار 400 روپے، ایجوکیشن، سپیشل ایجوکیشن اور ٹیچرز ایجوکیشن کی فیس 8500 روپے سے بڑھا کر 10 ہزار 200 روپے کر دی گئی ہے۔

فیکلٹی آف فارمیسی اینڈ فارماسوٹیکل سائنسز میں ڈاکٹر آف فارمیسی کی مارننگ کی فیس 22 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 27 ہزار، ایوننگ کی فیس 45 ہزار سے بڑھا کر 54 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی کی فیس 27 ہزار کر دی گئی ہے۔

فیکلٹی آف مینجمنٹ اینڈ ایڈمنسٹریٹو سائنسز میں کراچی یونیورسٹی بزنس سکول کی فیس 36500 سے بڑھا کر 43 ہزار 800 روپے، کامرس بیچلرز و ماسٹرز کی فیسیں 15 ہزار 500 سے بڑھا کر 18 ہزار 600 روپے کر دی گئی ہے۔

بپلک ایڈمنسٹریشن اآنرز اور ایم اے کی فیسیں بیس ہزار روپے سے بڑھا کر 24 ہزار روپے کر دی گئی ہیں۔ فیکلٹی آف سائنس کی فیسیں 11 ہزار 500 سے بڑھا کر 13 ہزار 900 روپے کر دی گئی ہے۔

ایگری کلچراینڈ ایگری بزنس مینجمنٹ کی بی ایس آنرز کی فیس 25 ہزار 500 سے بڑھا کر 30 ہزار 600 روپے کر دی گئی ہے۔ ایکچوریل سائنس اینڈ رسک مینجمنٹ کی فیس 22 ہزار 500 سے بڑھا کر 27 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔

کمپیوٹر سائنس بیچلرز کی فیس 27 ہزار 500 سے بڑھا کر 33 ہزار، ایم اے کی فیس 25 ہزار 500 سے بڑھا کر 30 ہزار 600 روپے کر دی گئِ ہے۔ ماحولیات کی فیس 22 ہزار 500 سے بڑھا کر 27 ہزار کر دی گئی ہے۔
اکیڈمک کونسل نے آئندہ تعلیمی سال 2018ء سے اضافہ شدہ فیسوں کے اطلاق کی منظوری دے دی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *