کراچی بورڈ: امتحان، رجسٹریشن کی فیسوں میں 60 فیصد اضافہ
- May 19, 2017 1:44 pm PST
کراچی: سید محمد عسکری
ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلباء کے والدین پر فیسوں کے بوجھ میں اضافہ کر دیا ہے۔ بورڈ نے امتحانات اور اینرولمنٹ کی فیس میں بالترتیب 58.7 فیصد اور 29.4 فیصد تک اضافہ کر دیا ہے۔
اس کے مطابق اب نویں جماعت کی امتحانی فیس 680 روپے سے بڑھا کر 880 روپے اور اینرولمنٹ کی فیس 315 روپے سے بڑھا کر 500 روپے ہوگئی ہے۔
فیسوں میں اضافہ کی منظوری بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں دے دی گئی ہے۔ یہ اجلاس پروفیسر سعید الدین کی زیر صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں رجسٹریشن اور تجدید رجسٹریشن کی فیس میں بھی 24.4 فیصد اضافہ کی منظوری دی گئی جس کے مطابق یہ فیس 5 ہزار 625 روپے سے بڑھا کر ایک ہزار 375 روپے کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں امتحانی فارم رجسٹریشن اور اینرولمنٹ فارمز کی قیمت میں بھی پچاس فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے۔ امتحانی فارم کی قیمت 40 روپے سے بڑھا کر 60 روپے، اینرولمنٹ اور رجسٹریشن فارم کی قیمت 435 روپے سے بڑھا کر 6 سو روپے کر دی گئی ہے۔
اجلاس میں 90 کروڑ روپے کے بجٹ کی منظوری بھی دے دی گئی ہے جس میں 19 کروڑ روپے خسارہ دکھایا گیا ہے۔ اجلاس کے ممبران کو بتایا گیا کہ فیسوں میں اضافے سے 13 کروڑ روپے کی آمدن ہوگی جبکہ 6 کروڑ روپے کا خسارہ خرچوں میں کمی کر کے پورا کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کے فکس ڈیپازٹ اکاؤنٹ میں ایک ارب روپے جمع ہیں لیکن منافع میں کمی کے باعث بورڈ کو مالی مشکلات کا سامنا ہے۔ پبلک پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن سندھ کے صدر سید شہزاد اختر نے کہا ہے کہ میڑک کی امتحانی فیسوں میں اضافہ کا فیصلہ واپس لیا جائے۔
فیسوں میں اضافہ سے براہ راست بوجھ طلباء کے والدین پر پڑے گا، لہذا وزیر اعلیٰ سندھ معاملے کا نوٹس لیں جبکہ پرائیویٹ سکولز کے طلباء کی فیسوں میں اضافہ کا فیصلے بھی فوری طور پر واپس لیا جائے۔