ڈاکٹر عمر سیف کی مدت ختم،آئی ٹی یونیورسٹی کا نیا وائس چانسلر کون ہوگا؟
- March 20, 2017 4:32 pm PST
لاہور: سٹاف رپورٹر
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور کے وائس چانسلر کا عہدہ خالی ہوگیا ہے۔ ڈاکٹر عمر سیف کی بطور وائس چانسلر مدت ملازمت پوری ہونے کے باوجود محکمہ ہائر ایجوکیشن نے نہ تو قائمقام وائس چانسلر کا نوٹیفکیشن جاری کیا اور نہ ہی اخبارات میں نئے وائس چانسلر کی تقرری کیلئے اشتہار دیا گیا ہے۔
انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں ڈاکٹر عمر سیف کو دو ہزار تیرہ میں پنجاب حکومت نے وائس چانسلر تعینات کیا تھا جن کی مدت ملازمت 17 مارچ کو پوری ہوگئی ہے تاہم اس کے باوجود محکمہ ہائر ایجوکیشن نے آئی ٹی یونیورسٹی میں قائم مقام وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے احکامات جاری نہیں کیے۔
تعلیمی زاویہ سے بات کرتے ہوئے محکمہ ہائر ایجوکیشن کے افسر نے بتایا ہے کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں وائس چانسلر تعیناتی کے لیے اشتہار بھی فائنل نہیں کیا گیا اور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نے ڈاکٹر عمر سیف کو ہی قائمقام وائس چانسلر تعینات کرنے کی سمری تیار کر لی ہے۔
سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نسیم نواز کے علم میں ہونے کے باوجود آئی ٹی یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے پیش رفت نہیں کی گئی ہے جبکہ ڈاکٹر عمر سیف ہی آئی ٹی یونیورسٹی کے معاملات چلا رہے ہیں۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ محکمہ ہائر ایجوکیشن نے جان بوجھ کر وائس چانسلر کی تقرری کا اشتہار جاری نہیں کیا اور وہ عدالت میں وائس چانسلر تقرری کیس کے محفوظ فیصلے کے اعلان کا انتظار کر رہے ہیں۔
دوسری جانب پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے سرچ کمیٹیوں کے لیے عدالت میں نام بھی جمع کرارکھے ہیں اور آئی ٹی یونیورسٹی میں وائس چانسلر تقرری کے لیے الگ سے سرچ کمیٹی بھی تجویز کی گئی ہے۔
ڈاکٹر عمر سیف کو وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے اپنا مشیر بھی مقرر کر رکھا ہے اور وہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے چیئرمین کے عہدے پر بھی تعینات ہیں۔ ڈاکٹر عمر سیف صوبے میں حکومت کے ٹیکنالوجی کے منصوبوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔
ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ ڈاکٹر عمر سیف کو ہی دوبارہ آئی ٹی یونیورسٹی کا وائس چانسلر تعینات کیا جائے گا جس کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب پہلے ہی آمادگی کا اظہار کر چکے ہیں کیونکہ وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتہائی قریبی بتائے جاتے ہیں اور حکومت کے اہم ترین اجلاسوں میں بھی شرکت کرتے ہیں۔