آئی ٹی یونیورسٹی لاہور: وائس چانسلر کیلئے درخواست کی تاریخ میں توسیع
- June 16, 2018 2:28 pm PST
لاہور:انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی لاہور میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے صرف تین امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ، سرچ کمیٹی نے انٹرویوز منسوخ کر کے وائس چانسلر کے عہدے کے لیے نیا اشتہار جاری کیا گیا ہے۔
وائس چانسلر کے عہدے کے لیے اُمیدوار اب 20 جون تک اپنی درخواستیں جمع کرا سکتے ہیں اس ضمن میں اخبارات میں اشتہار بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل آئی ٹی یونیورسٹی میں مستقل وائس چانسلر کی تقرری کے لیے پانچ امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں جن میں سے صرف تین امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔
جن میں آئی ٹی یونیورسٹی کے قائمقام وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف، ڈین نسٹ ڈاکٹر محمد بلال خان اور یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر سجاد شامی شامل ہیں۔
سرچ کمیٹی نے امیدواروں کے انٹرویوز کرنے کی بجائے اعتراض اٹھایا تھا کہ وائس چانسلر کے عہدے کے لیے صرف تین امیدواروں کے انٹرویوز نہیں کیے جاسکتے۔
سرچ کمیٹی کی جانب سے فیصلہ کیا گیا کہ وائس چانسلر کے لیے اخبارات میں نئی تاریخ کے ساتھ دوبارہ اشتہار جاری کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ پروفیسرز عہدے کے لیے درخواستیں جمع کراسکیں۔