طلباء کنونشن: اسلامی جمعیت طلباء کی وزیر تعلیم پنجاب کو دھمکیاں
- October 26, 2017 6:18 pm PST
لاہور
جماعت اسلامی کی ذیلی طلباء تنظیم، اسلامی جمعیت طلباء کے تحت منعقدہ کنونشن میں جامعہ پنجاب کے ناظم اُسامہ اعجاز نے وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کو دھمکی دی کہ وہ پنجاب یونیورسٹی کے معاملات میں مداخلت سے گریز کریں ورنہ یونیورسٹی میں ان کا داخلہ بند کرا دیا جائے گا۔
اسلامی جمعیت طلباء کا کنونشن مال روڈ لاہور پر منعقد ہوا جس میں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کو مدعو کیا گیا تھا جبکہ کنونشن میں آئی جے ٹی پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب کاکا خیل نے بھی شرکت کی۔
اس کنونشن کے دوران جمعیت کے ناظم نے وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی کو دھمکی دی کہ وہ جامعہ پنجاب کے لیے اپنی ڈائریکشن اپنے پاس رکھیں اور وہ اپنی حد میں رہیں ورنہ یونیورسٹی میں انہیں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا اور یونیورسٹی کے تمام دروازے اُن کے لیے بند کر دیے جائیں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ یونیورسٹی کو سیاسی جماعت کا تھرما میٹر نہیں بننے دیں گے۔
اپنے خطاب میں اُن کا کہنا تھا کہ وزیر سید رضا علی گیلانی صرف سیکرٹیریٹ تک ہی محدود رہیں اور دیگر تعلیمی امور پر توجہ دیں اور جامعہ پنجاب میں مداخلت مت کریں۔
واضح رہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے بگڑتے تعلیمی ماحول کے پیش نظر وزیر ہائر ایجوکیشن نے مہینے میں ایک دن پنجاب یونیورسٹی میں بیٹھنے کا فیصلہ کر رکھا ہے جس کی جمعیت کی جانب سے مخالفت کی جارہی ہے۔
اس طلباء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئےامیر جماعت اسلامی سراج الحق نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ طلباء یونین پر پاپندی ختم کی جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جمعیت قوم کا اثاثہ ہے اور اس کا جینا مرنا اسلام کے ساتھ ہے۔ اُنہوں نے پختونخوا حکومت سےمطالبہ کیا کہ طلباء یونین کے انتخابات کرائے جائیں۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ پاکستان میں 27 اقسام کے نظام تعلیم ہیں اور یکساں نظام تعلیم کا نفاذ کیا جائے۔ اُنہوں نے کہا کہ اسلامی جمعیت طلباء نے محبت اور فقیری کا گُر سکھایا ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ جمعیت کی وجہ سے طالبات کی عزت، ان کے دوپٹے محفوظ ہیں۔
طلباء سے خطاب میں اُنہوں نے کہا کہ حکمران اور سیاسی لیڈرز اپنے بچوں کو حقیقی مسلمان اور اسلامی سفیر بنانا ہے تو انہیں جمعیت میں شامل کر دو۔
لاہور میں جمعیت کے طلباء کنونشن کے باعث اسلامیہ کالج سول لائنز، گورنمنٹ سائنس کالج وحدت روڈ اور گورنمنٹ کالج فار بوائز گلبرگ میں کلاسز معطل رہیں جبکہ شہر کے باقی 51 سرکاری کالجوں میں تعلیمی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی جمعیت طلباء پاکستان کے ناظم اعلیٰ صہیب کاکا خیل نے جمعیت کے پلیٹ فارم سے طلباء کے حقوق کی جنگ جاری رکھنے کا اعلان کیا۔