امریکی سی آئی اے یونیورسٹیز میں کیسےایجنٹ بناتی ہے؟

  • January 21, 2018 6:59 pm PST
taleemizavia single page

سید عاصم محمود

اوائل جنوری میں بھارتی آرمی چیف،بپن راوت نے بڑھک ماری کہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام فراڈ ہے۔اس پر پاک فوج نے اسے یاد دلایا کہ پاکستان قابل اعتماد ایٹمی صلاحیت رکھتا ہے جو اس کا بہترین دفاعی و مزاحمتی ہتھیار ہے۔

وطن عزیز کے ایٹمی پروگرام کے موثر ہونے کا ایک ٹھوس ثبوت حال ہی میں سامنے آیا۔ ایک امریکی صحافی‘ ڈینئل گولڈن نے انکشافات اور حیرت انگیز حقائق سے پُر کتاب لکھ کر خصوصاً امریکا کی خفیہ ایجنسیوں سی آئی اے اور ایف بی آئی کی مذموم سرگرمیوں کا پردہ چاک کیا ہے۔ ڈینئل گولڈن مشہور امریکی صحافی ہیں ا ور خصوصاً اعلیٰ تعلیم (ہائرایجوکیشن) میں پھیلی کرپشن پر کتب لکھ کر پلٹزر انعام حاصل کر چکے۔

Spy Schools: How the CIA, FBI, and Foreign Intelligence Secretly Exploit America’s Universities

ڈینئل گولڈن نے اپنی حیرت انگیز کتاب میں یہ اہم انکشاف کیا کہ سی آئی اے عموماً یورپی ممالک میں سائنس کانفرنسوں اور مذاکروں کا اہتمام کراتی ہے۔ ان میں خصوصاً امریکا مخالف ممالک مثلاً شمالی کوریا، ایران، روس، کیوبا، وینزویلا، کولمبیا، پانامہ وغیرہ کے علاوہ بظاہر دوست ممالک مثلاً پاکستان سے تعلق رکھنے والے سائنس دانوں اور دانشوروں ،خاص طور پہ ایٹمی سائنس کے ماہرین کو بلایا جاتا ہے۔

مقصد یہ ہوتا ہے کہ انہیں بیرون ملک بلوا کر ترغیبات سے اپنا ایجنٹ بنایا جاسکے۔ ڈینئل گولڈن نے اس سلسلے میں ایک واقعہ بھی لکھا ہے۔دس سال قبل سی آئی اے نے ایک غیر جانب دار، یورپی ملک میں ایٹمی سائنس پر کانفرنس منعقد کرائی۔ اس میں ایران کے دو ایٹمی سائنس دانوں کو بھی بلایا گیا۔ غیر جانب دار مملکت ہونے کے ناتے ایرانی حکومت نے انہیں جانے کی اجازت دے دی۔ایرانی ایٹمی سائنس داں جس ہوٹل میں ٹھہرے، سی آئی اے نے وہاں باورچی خانے اور دیگر شعبوں کے عملے میں اپنے ایجنٹ تعینات کردیئے۔ اس سارے تام جھام کا مقصد یہ تھا کہ کسی ایرانی ایٹمی سائنس داں کو رجھا کر امریکا لے جایا جاسکے۔ سی آئی اے نے سائنس دانوں اور ان کے گارڈوں کے کمروں میں آلات جاسوسی نصب کردیئے تھے۔

رات گئے جب ان آلات نے بتایا کہ ایرانی سائنس دانوں کے گارڈ سوچکے تو سی آئی اے کا ایجنٹ ایک ایٹمی سائنس دان کے کمرے میں پہنچا اور ہولے سے دستک دی۔ وہ سائنس داں جاگ رہا تھا۔ اس نے دروازہ کھول دیا۔سی آئی اے کے ایجنٹ نے اپنی وفاداری اور دوستی دکھانے کی خاطر سائنس داں کے دل پر ہاتھ رکھا اور بولا:’’ سلام حبیبی! میرا تعلق سی آئی اے سے ہے۔ کیا آپ میرے ساتھ بذریعہ ہوائی جہاز امریکہ چلنا چاہیں گے؟‘‘

ایرانی سائنس داں کے چہرے پر قدرتاً حیرت، خوف اور تجسس کے ملے جلے تاثرات نمودار ہوگئے۔ سی آئی اے کا ایجنٹ پہلے بھی مختلف ممالک کے سائنس دانوں کو منحرف کر چکا تھا۔ لہٰذا اسے اندازہ تھا کہ یہ ایرانی کیا سوچ رہا ہے… میرے اہل خانہ کا کیا بنے گا، میری حفاظت کیسے ہوگی؟ ہم یہاں سے کیونکر نکلیں گے؟ میں کہاں رہوں گا؟ میرے اخراجات کون برداشت کرے گا؟ اگر میں نہ کہہ دوں تو کیا ہوگا؟

spy school

سائنس داں اپنے ذہن میں مچلتے کئی سوالات میں سے ایک سوال کرنے لگا، تو ایجنٹ اس کی بات کاٹ کر بولا: ’’پہلے برف والی ٹوکری اندر سے لے آئیے۔‘‘

’’وہ کیوں؟‘‘ ایرانی نے پوچھا۔’’اگر آپ کا کوئی گارڈ جاگ گیا، تو آپ بتاسکتے ہیں کہ میں برف لینے جارہا تھا۔‘‘
اس طرح سی آئی اے ایک ایرانی ایٹمی سائنس داں کو ترغیبات دے کر اسے امریکا لے گئی۔ یہ عین ممکن ہے کہ اس سے حاصل کردہ معلومات کے سہارے ہی امریکی اور اسرائیلی کمپیوٹر ماہرین ’’سٹکسنیٹ ‘‘ نامی انتہائی خطرناک اورجدید ترین وائرس تیار کرنے میں کامیاب رہے جس نے ایرانی ایٹمی پلانٹ میں یورینیم افزودہ کرنے والی مشینیں خراب کردی تھیں۔

فاصلے سکڑ جانے کے بعد سی آئی اے کے لیے آج سائنسی و علمی کانفرنسیں منعقد کرانا آسان ہوچکا ہے۔ کانفرنسوں میں شریک ماہرین کو کسی قسم کی انعامی رقم تو نہیں ملتی مگر ان کی عزت و وقار میں ضرور اضافہ ہوجاتا ہے۔ اسی لیے ہر ملک کے سائنس داں اور دانشور یہ جانے بغیر ان کانفرنسوں میں شرکت کرتے ہیں کہ یہ امریکی خفیہ ایجنسیوں کے لیے جاسوسی کا موثر ہتھیار بن چکی ہیں۔

ڈینیل گولڈن کو سی آئی اے کے ایک سابق اہلکار نے بتایا کہ ان کانفرنسوں کے ذریعے کسی غیر ملکی دانشور یا سائنس داں کو امریکی ایجنٹ بنانا ایک طویل عمل ہے۔ اس کی شروعات ڈالر وں کی شکل میں بھاری رقم دینے سے ہوتی ہے۔ عام طور پر پاکستان سے تعلق رکھنے والے سائنس داں کو دو سے دس ہزار ڈالر دینے کا لالچ دیا جاتا ہے۔ شمالی کوریا اور ایران کے سائنس دانوں پر زیادہ ڈالر خرچ کرنے پڑتے ہیں۔

ڈینئل گولڈن کے انکشافات سے عیاں ہے کہ پاکستان میں خصوصاً ایٹم بم اور میزائل منصوبوں سے منسلک سائنس دانوں کو عالمی کانفرنسوں میں شرکت کرتے ہوئے سی آئی اے کے ایجنٹوں سے ہوشیار رہنا چاہیے ۔یہ ایجنٹ مختلف ترغیبات اور بہکاوں سے لیس ہو کر انھیں گمراہ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔انسان خطا کا پتلا ہے،کسی بھی وقت ہوس کا نشانہ بن سکتا ہے۔ اب تو امریکا اور بھارت کو پاکستانی ایٹمی پروگرام کے کسی بھی پہلو کی ہوا تک نہیں لگنی چاہیے۔دونوں عالم اسلام کی اکلوتی ایٹمی مملکت کے خلاف سرگرم ہو چکے۔

علم وتعلیم پر ڈاکا

ڈینئل گولڈن کی نئی کتاب نے یہ بھی افشا کیاکہ سی آئی اے اور ایف بی آئی نے امریکی یونیورسٹیوں اور کالجوں کو اپنے مراکز بنا لیاہے۔ امریکی خفیہ ایجنسیاں ان تعلیمی اداروں میں تعلیم پاتے غیرملکی طلبہ یا اساتذہ کو مختلف طریقوں سے اپنا آلہ کار بنا لیتی ہیں۔ کبھی انہیں پُر کشش معاوضہ دیا جاتا ہے۔ کبھی قیمتی تحائف دیئے جاتے ہیں۔ حتیٰ کہ ٹارگٹ کو پھانسنے کی خاطر حسین و جمیل لڑکیاں بھی بطور چارا استعمال ہوتی ہیں۔اس سلسلے میںڈینئل نے چشم کشا واقعات لکھے ہیں۔

یہ اپریل 2009ء کی بات ہے‘ڈائنا مرکیورو نامی ایک خاتون پروفیسرڈیجن پینگ سے ملنے اس کے گھر پہنچی۔ پروفیسر ڈیجن امریکا کی مشہور یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا میں بین الاقوامی بزنس پڑھاتا تھا۔ مزید براں یونیورسٹی کے ایک ادارے‘ کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ کا سربراہ بھی تھا۔یہ ثقافتی ادارہ چینی حکومت کی مالی امداد سے چل رہا تھا۔پروفیسر ڈیجن آج کل مشکلات میں گرفتارتھا۔

یونیورسٹی انتظامیہ نے اس پر ا لزام لگایا تھاکہ وہ مالی خرد برد میں ملوث ہے۔ پروفیسر اس الزام سے انکاری تھا۔ ڈائنا مرکیورو نے پروفیسر کو پیش کش کی کہ وہ اسے یونیورسٹی انتظامیہ کے الزامات سے بچا کر اس کی ملازمت محفوظ کر سکتی ہے۔

بدلے میں پروفیر ڈیجن کو چینی حکومت اور مقامی چینی باشندوں کی جاسوسی کرنی تھی۔ یہ سن کر پروفیسر حیران پریشان ہو گیا ڈائنا دراصل امریکا کی ایک ہائی پروفائل جاسوس تھی۔ اسی کا دونوں اعلیٰ امریکی خفیہ ایجنسیوں… سی آئی اے اور ایف بی آئی سے تعلق تھا۔ انہی ایجنسیوں نے اب ڈائنا کو یہ ذمے داری سونپی تھی کہ وہ چینی نژاد امریکی پروفیسر کو اپنے جال میںپھانس لے… اور وہ کامیاب رہی۔پروفیسر ڈیجن چین میں پیدا ہوا تھا۔ نوجوانی میں امریکا چلا آیا اور اعلیٰ تعلیم پا کر یونیورسٹی آف ساؤتھ فلوریڈا سے وابستہ ہو گیا۔

چین میں کئی اعلیٰ سرکای افسر اور سیاست داں اس کے واقف کار تھے۔ انہی کے تعاون سے ذریعے پروفیسر نے یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹی ٹیوٹ بھی کھلوا لیا اور اس کا چیئرمین بن گیا۔ لیکن اب مخالفین نے اس پر مالی بدعنوانی کے الزامات لگا دیئے تھے اور اسے سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ وہ اپنا دفاع کیونکر کرے۔ مصیبت کے اس عالم میں اس نے ڈائنا کی پیش کش قبول کر لی۔

ڈائنا نے جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے جعلی کاغذات بنا لئے جو اس بات کا ثبوت بن گئے کہ پروفیسر ڈیجن نے مالی بدعنوانی نہیں کی۔ بدلے میں پروفیسر سی آئی اے کا خفیہ ایجنٹ بن گیا۔ وہ چھ ماہ تک چینی حکومت اور امریکا میں مقیم چینی باشندوں کے بارے میں اہم معلومات سی آئی اے کو فراہم کرتا رہا۔ جب پروفیسر کے پاس چین سے متعلق مزید خفیہ معلومات نہیں رہیں تو اس سے رابطہ ختم کر دیا گیا۔

سات سال بعد مشہور امریکی ویب سائٹ ‘بلوم برگ‘ کے ایک مضمون نے انکشاف کیا کہ چینی نژاد امریکی پروفیسر ڈیجن پینگ امریکی خفیہ ایجنسیوں کا ایجنٹ رہ چکا ہے۔ڈینٹل گورڈن نے ایک اور چشم کشا واقعہ لکھا ہے۔ لکھتا ہے کہ 2010ء کی بات ہے، ایک اعلیٰ امریکی یونیورسٹی کا پروفیسر کمیپس میں تخفیف اسلحہ پر بحث کرا رہا تھا۔ وقفے میں روس کا ایک سفارت کار اس سے ملا اور اسے لنچ کی دعوت دی۔پروفیسر نے دعوت قبول کرلی تاہم اس نے روسی سفارت کار کے بارے میں ایف بی آئی کو مطلع کردیا۔ ایف بی آئی نے اسے بتایا کہ روسی سفارت کار دراصل روس کی خفیہ ایجنسی کا افسر ہے۔ یہ سن کر پروفیسر نے ایف بی آئی سے کہا ’’گویا مجھے اس سے بات نہیں کرنی چاہیے؟‘‘

ایف بی آئی نے بتایا ’’ہماری خواہش ہے کہ آپ اس سے ضرور ملیے۔‘‘

یوں امریکی پروفیسر ڈبل ایجنٹ بن گیا۔ اگلے دو برس تک روسی انٹیلی جنس افسر نے اسے دس لنچ کرائے اور پروفیسر کو تحائف بھی دیئے۔ پوسو لکایا نامی قیمتی ووڈکا کی بوتل اور آٹھ سو ڈالر مالیت کی سوئس گھڑی، نیز افغانستان پر تجزیاتی رپورٹ لکھنے پر پروفیسر کو دو ہزار ڈالر کی خطیر رقم دی۔ پروفیسر نے یہ رقم تو ایف بی آئی کو دے ڈالی تاہم اسے گھڑی اپنے پاس رکھنے کی اجازت مل گئی۔ اسے وہ فخر سے تقریبات میں پہنتا ہے۔ آخر وہ ایک روسی جاسوس کی دی گئی رشوت ہے!ایف بی آئی امریکی حکومت کے بارے میں جو جھوٹی سچی باتیں پروفیسر کو بتاتی، وہ انہیں روسی انٹیلی جنس افسر تک پہنچا دیتا۔ یہ نہیں معلوم کہ روسی حکومت نے ان معلومات سے کتنا فائدہ اٹھایا۔

دو ہزارآٹھ میں سی آئی اے کا اعلیٰ افسر، کنیتھ موسکو تنزانیہ میں پہاڑ پر چڑھتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ جب اس کی شخصیت پر مضامین شائع ہوئے، تو ہارورڈ یونیورسٹی میں اس کے ساتھ پڑھے ہم جماعت حیران رہ گئے۔ انہیں پہلی بار پتا چلا کہ کینتھ تو سی آئی اے کا ایجنٹ تھا۔ کینتھ نے ہارورڈ سے ماسٹرز کیا تھا اور اپنے ہم جماعتوں کو بتایا تھا کہ وہ محکمہ خارجہ سے منسلک ہے۔

دنیا بھر میں سکول‘ کالج اور یونیورسٹی نوجوان لڑکے لڑکیوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے والے مقدس ادارے سمجھے جاتے ہیں۔ ان اداروں میں استاد طلبہ و طالبات کو رہنمائی دیتے اور انہیں اپنے پیروں پر کھڑا ہونا سکھاتے ہیں۔ استاد ہو یا طالبان علم‘ سبھی کی کوشش ہوتی ہے کہ درس گاہوں کا تقدس بحال رکھا جا ئے۔ لیکن امریکا میں سرکاری خفیہ ایجنسیوں نے ان مقدس مقامات کو جاسوسی کی اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنا لیا ہے۔ یہ معمولی سرگرمیاں نہیں بلکہ ان کا دائرہ کار بہت وسیع ہو چکا ہے۔

درج بالا واقعات دیگ کے چند دانے ہیں۔جب ایک غیر ملکی طالب علم یا غیر ملک میں پیدا ہونے استاد امریکی خفیہ ایجنسی کے جال میں پھنس جائے تو پھر اس سے اپنے د یس کے بارے میں ہر ممکن معلومات اگلوائی جاتی ہیں۔ امریکی خفیہ ایجنسیوں کا خاص نشانہ وہ طالب علم ہوتے ہیں جو اپنے ملک میں بااثر خاندانوں سے تعلق رکھتے ہوں۔ ایسے طلبہ و طالبات وطن واپس جا کر بھی سی آئی اے کے لئے جاسوسی کر سکتے ہیں۔

ڈینئل گولڈن کی کتاب نے یہ بھی افشا کیا کہ امریکا کی تمام بڑی یونیورسٹیوں مثلا ً ہارورڈ‘ ئیل‘ پرنسٹن‘ کولمبیا‘ کورنیل وغیرہ سے سی آئی اے اور ایف بی آئی کے ایجنٹ بطور استاد منسلک ہیں۔ یہ انڈر کور رہ کر اپنی اصلیت چھپا کے بظاہر طالبان علم کو پڑھاتے ہیں مگر حقیقتاً ان کا اصل کام غیر ملکی طلبہ و طالبات کو اپنے دام میں پھانسنا ہے۔یہ غیر ملکی طالبان علم کی برین واشنگ بھی کرتے ہیں تاکہ وہ امریکا پہ اندھا دھند اعتماد کرنے لگیں اور امریکی تہذیب وتمدن میں رنگے جائیں۔

امریکا میں ساڑھے چار ہزار سے زائد یونیورسٹیاں اور کالج ہیں۔ ان میں لاکھوں غیر ملکی طلبہ و طالبات زیر تعلیم ہیں۔ کتاب کے مطابق دیگر ممالک مثلاً روس‘ چین‘ بھارت‘ برازیل‘ کیوبا‘ جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسیاں بھی طالبان علم کے روپ میں اپنے ایجنٹوں کو امریکی یونیورسٹی یا کالج میں داخل کرتی ہیں۔ یہ نوجوان ایجنٹ لڑکے لڑکیاں کوشش کرتی ہیں کہ ایسے امریکی طلبہ و طالبات کو اپنا دوست بنا لیں جو بااثرسرکاری یا نجی خاندانوں سے تعلق رکھتے ہوں۔ ان سے دوستی کر کے اکثر اوقات ایجنٹ امریکی حکومت کے بارے میں کار آمد معلومات حاصل کرنے میں کامیاب رہتے ہیں۔

اس انکشاف انگیز کتاب سے عیاں ہے کہ آج امریکا میں اعلیٰ تعلیم کے بیشتر ادارے جاسوسی کا گڑھ بن چکے ہیں ۔ وہاں امریکا ہی نہیں دیگر بڑی طاقتوں کی خفیہ ایجنسیاں بھی اپنا کھیل کھیلنے میں مصروف ہیں۔ اب کوئی نہیں بتا سکتا کہ فلاں لڑکا یا لڑکی واقعی طالب علم ہے یا کسی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ بن چکا ہے۔ ان خفیہ ایجنسیوں نے حتیٰ کہ اساتذہ کو بھی اپنا آلہ کار بنا لیا ۔ تعلیم سے یہ کھلواڑ امریکا اور دیگر ممالک کو بہت مہنگا پڑ سکتا ہے۔

ظاہر ہے‘ جب طلبہ و طالبات کو جاسوس بن کر بھاری معاوضہ ملنے لگے‘ تو وہ تعلیم حاصل کرنے پر کیوں توجہ دیں گے؟ اسی طرح اساتذہ کی توجہ بھی تعلیم دینے سے ہٹ کر جاسوسی کی سرگرمیوں پر لگی رہے گی۔ افسوس کہ بڑی طاقتوں کے حکمرانوں نے اپنے مفادات اور مقاصد حاصل کرنے کی خاطر تعلیم و تربیت دینے والے اداروں کا تقدس بھی پامال کر دیا ۔طاقت پانے اور ہوس پوری کرنے کی خاطر انہوںنے تمام حدیں پار کر ڈالی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *