ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے 2017ء میں کیامنصوبے تھے
- December 31, 2017 3:36 pm PST
رپورٹ: اسلام آباد
پاکستان میں اعلٰی تعلیمی شعبے کی مجموعی ترقی پر مبنی کاوشوں میں تسلسل کو جاری رکھتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن نے اعلٰی تعلیم ، تحقیقی کلچر اور ٹیکنالوجی کے فروغ کے حوالے سے2017 میں نمایاں پراجیکٹس کیے اور اپنی توجہ ہیومن ریسورس ڈیویلپمنٹ ، مقامی و غیر ملکی تعلیمی تعاون اور اعلٰی تعلیم تک یکساں رسائی سے متعلق پیش رفت پر مرکوز رکھی۔
سال 2017میں ایچ ای سی نے بیرون ملک میں اعلٰی تعلیم کے لیے 395 جبکہ اندرون ملک کے لیے 1068وظائف فراہم کیے۔ انٹرنیشنل ریسرچ سپورٹ پروگرام کے تحت 412 پی ایچ ڈی سکالرز کو تحقیق کے لیے باہر بھجوایا گیا۔
ہائیر ایجوکیشن اینڈ سائنٹیفک ایکسچینج پروگرام کے تحت157پاکستانی طلباء کو ہنگری حصولِ تعلیم کے لئے بھیجا گیا۔ امریکہ پاکستان تعلیمی راہداری منصوبے پر عمل درآمد کا آغاز کرنے کے ساتھ ساتھ پاک برطانیہ نالج گیٹ وے منصوبے کی تکمیل پر سیر حاصل اجلاس منعقد کئے ۔
ایچ ای سی نے افغان طلباء کے لئے 3000وظائف پر مبنی علامہ ڈاکٹر محمد اقبال اسکالرشپ پروگرام شروع کیا اورپاکستانی طلباء کو ترکی کی جامعات میں اعلٰی تعلیم کے لئے بھیجنے سے متعلق ترکی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے۔
اسی سال ایچ ای سی نے بلوچستان اور قبائلی علاقوں کے طلباء کے لئے اعلٰی تعلیمی مواقع پر محیط پروگرام کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ۔ اس کے علاوہ اسی سال ایچ ای سی اور چائنہ روڈ اینڈ برج کارپوریشن نے ٹرانسپورٹیشن انجینئرنگ میں پاکستانی طلباء کو ماسٹرز کے30وظائف کی فراہمی پر اتفاق کیا۔ 2017 میں پاکستان معاہدۂ واشنگٹن کا بھی حصہ بنا جو پاکستانی انجینئرنگ گریجویٹس کی قابلیت کا بین الاقوامی اعتراف ہے۔
ایچ ای سی نے سال 2017میں ڈگریوں کی تصدیق کے لئے آن لائن نظام تشکیل دیا۔ ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل (ای ٹی سی )کا قیام بھی اسی سال عمل میں آیا ۔
ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل جامعات میں داخلے کے لئے مفت اور معیاری ٹیسٹ کی سہولیات فراہم کرنے کی غرض سے قائم کیا گیا ہے۔ قومی کوالیفیکیشن فریم ورک کے ایک حصے کے طور پر پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹر (پی کیو آر)کا آغاز کیا گیا۔ ایچ ای سی نے تھری جی(گلوبل گُڈگورننس )ایوارڈآف کیمبرج آئی ایف انالٹیکا حاصل کیا ۔
رواں سال سردار بہادر خان وومن یونیورسٹی، لسبیلا یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف پونچھ کے نوشکی، وادھ اور فارورڈکہوٹہ میں بالترتیب کیمپسز آپریشنل ہو گئے۔ ایچ ای سی نے خوشاب کے عوام کے لئے یونیورسٹی کے قیام کی منظوری دی جبک اور ژوب اور ڈیرہ مراد جمالی میں یونیورسٹی کالجز کے قیام کا بھی اعلان کیا۔
ایچ ای سی اب تک تقریباََ 450ایم ایس اور پی ایچ ڈی پروگراموں کو بدانتظامی ، بدعنوانی اورایک متعین تعلیمی معیار سے دوری کے سبب بند کرا چکا ہے ۔