پنجاب: کالج ٹیچنگ انٹرنز کی بھرتیوں کا ضابطہ، انٹرویوز شیڈول جاری
- October 4, 2017 8:42 pm PST
راولپنڈی
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبے کے سرکاری کالجوں میں عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے کالج ٹیچنگ انٹرنز کی بھرتیوں کا طریقہ کار اور شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق سی ٹی آئی کے لیے انٹرویوز نو اور دس اکتوبر کو کالج کی سطح پر ہی منعقد ہوں گے۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ان بھرتیوں کے لیے طریقہ کار اور نمبروں کا فارمولہ جاری کر دیا گیا ہے۔ کالج ٹیچنگ انٹرنز کی بھرتیوں کی شرائط کے مطابق تعلیمی کوالیفیکیشن کے لیے 85 نمبرز مختص کیے گئے ہیں جبکہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کے لیے الگ الگ پانچ نمبرز دیے جائیں گے۔
بورڈ کے تحت پہلے تین پوزیشن ہولڈرز کو بھی پانچ ، چار اور تین نمبرز اضافی دیے جائیں گے۔ ایم اے کی ڈگری میں نوے فیصد سے زائد نمبرز ہونے پر چالیس نمبرز دیے جائیں گے۔ ایم اے میں 80 فیصد نمبرز پر 36 نمبرز، 70 فیصد سے زائد نمبرز پر 32 نمبرز، 60 فیصد سے زائد نمبرز پر 28 نمبرز، 50فیصد سے زائد نمبرز پر چوبیس نمبرز اور پچاس فیصد سے کم نمبرز ہونے پر بیس نمبرز دیے جائیں گے۔
بی اے کی ڈگری میں نوے فیصد نمبروں پر پندرہ نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح بی ایس آنرز کی ڈگری میں نوے فیصد سے زائد نمبروں پر 55 نمبرز مختص کیے ہیں، 80 فیصد سے زائد نمبرز پر 49.5 نمبرز، 70 فیصد سے زائد نمبروں پر 44 نمبرز، 60فیصد سے زائد نمبرز پر 38.5 نمبرز، 50 فیصد سے زائد نمبروں پر 33 نمبر اور پچاس فیصد سے کم نمبرز ہونے پر 27.5 نمبرز دیے جائیں گے۔ بی ایس آنرز کی ڈگری کے ساتھ انٹرمیڈیٹ کی ڈگری کے پندرہ نمبرز مختص کیے گئے ہیں۔
سی ٹی آئیز کو سات مہینوں کے لیے بھرتی کیا جائے گا جن کی مدت ملازمت پندرہ مئی دو ہزار اٹھارہ کو ختم ہوجائے گی۔
لڑکے اور لڑکیوں کے جنرل کالجز میں بائیس مضامین، کامرس کالجوں میں سات مضامین اور ہوم اکنامکس کالجز میں چار مضامین میں کالج ٹیچنگ انٹرنز بھرتی کیے جائیں گے۔
جنرل کالجز میں انگریزی، اُردو، پاکستان اسٹڈیز، اسلامیات، بائیولوجی، ریاضی، کمپیوٹر سائنس، فزکس، کیمسٹری، ایجوکیشن، شماریات، اکنامکس، پولیٹیکل سائنس، جغرافیہ، تاریخ، فارسی، سائیکالوجی، پنجابی، ہیلتھ اینڈ فزیکل سائنسز، لائبریری سائنس، ہوم اکنامکس اور ماس کیمونیکیشن کے مضامین کے لیے بھرتیاں کی جائیں گی۔
کامرس کالجز کے لیے انگریزی، اُردو، اسلامیات، کامرس، کمپیوٹر سائنس، اکنامکس، ریاضی، شماریات کے مضامین کے لیے سی ٹی آئی بھرتی ہوں گے۔
ہوم اکنامکس کالجز کے لیے ٹیکسٹائل، ہیومن ڈویلپمنٹ، شماریات، ہوم اکنامکس اور کالج کو کسی بھی دیگر مضمون میں ضرورت کے مطابق سی ٹی آئی بھرتی کرنے کی اجازت ہوگی۔
کالج ٹیچنگ انٹرنز ہفتے میں کم از کم 24 کلاسز پڑھانے کے مجاز ہوں گےاور سی ٹی آئی کو سات مہینوں کے دوران صرف چودہ چھٹیاں کرنے کی اجازت ہوگی۔ کالج ٹیچنگ انٹرنز کو تنخواہوں کی ادائیگی اب ہر مہینے کی پندرہ تاریخ تک کی جائے گی جبکہ اس سے پہلے یہ تنخواہیں سات مہینے بعد ادا کی جاتی تھیں۔
کالج ٹیچنگ انٹرنز کے نو اکتوبر کو ہونے والے انٹرویوز میں پرنسپل، وائس پرنسپل اور متعلقہ مضمون کے سینئر اُستاد پر مشتمل کمیٹی شامل ہو گی۔
محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق کالجوں میں صرف لیکچررز کی خالی اسامیوں پر یہ بھرتیاں ہوں گی جبکہ اسسٹنٹ پروفیسرز، ایسوسی ایٹ اور پروفیسرز کی خالی سیٹوں پر بھرتیاں کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔