یو ایس ایڈ کی سکالر شپ ہولڈرز طلباء کیلئے ٹریننگ ورکشاپ
- May 11, 2018 12:04 am PST
لاہور
ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور یو ایس ایڈ کے اشتراک سے پنجاب یونیورسٹی کے سکالر شپ ہولڈز طلباء کے لیے خصوصی ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ورکشاپ میں یونیورسٹی کے ایک سو پچانوے طلباء نے شرکت کی۔
پنجاب یونیورسٹی میں یو ایس ایڈ اور ایچ ای سی کے تعاون سے تین روزہ تربیتی ورکشاپ میں بارہ سیشنز ہوئے۔
ورکشاپ میں طلباء کو سکلز ڈیویلپمنٹ ، ابلاغ کی مہارت ، تحقیق کے طریقہ کار ، چھوٹا کاروبار شروع کرنے کے آئیڈیاز ، اختراعی تصورات ، شخصیت نکھاری ، سی وی لکھنے اور انٹر ویو دینے کی مہارت پر تربیت دی گئی۔
ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ جبیں، ڈی جی ایچ ای سی لاہور نذیر حسین، ارفع کریم کے والد کرنل ریٹائرڈ امجد کریم، ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ شبیر سرور اور یو ایس ایڈ کے عہدیداران نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب میں وائس چانسلر ڈاکٹر ناصرہ جبیں نے پنجاب یونیورسٹی کومنی پاکستان سے تشبیہہ دیتے ہوئے کہا کہ ملک کی قدیم یونیورسٹی میں تمام ثقافتوں ، علاقوں اور زبانوں کے طلبہ زیر تعلیم ہیں۔
خاتون وائس چانسلر نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی صحیح معنوں میں پاکستان کی نمائندہ یونیورسٹی ہے جس میں انتہائی امیر خاندان کے بچے سے لیکر خوانچہ فروش جیسے غریب خاندانوں کے بچے ایک ہی چھت تلے ایک ہی جماعت میں یکساں سہولتوں کے ساتھ تعلیم حاصل کررہے جو معاشرے میں عمومی طور پر پائے جانے والے امتیازی سلوک کو ختم کرنے کی ایک اہم مثال ہے۔