ڈگری تصدیق، سکالر شپ، تھیسز سپروائزر کوالیفکیشن رجسٹرڈ سے مشروط

  • February 11, 2017 6:58 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

سرکاری یونیورسٹیوں کی ہائر ایجوکیشن کمیشن کے پاکستان کوالیفکیشن رجسٹرڈ میں ڈیٹا کے اندراج میں مسلسل غفلت کے بعد پندرہ فروری تک پی کیو آر میں ڈیٹا درج نہ کرنے والی یونیورسٹیوں کو نیشنل سکالر شپ، منظور شدہ تھیسز سپروائزراور اوورسیز سکالر شپس کیلئے نااہل قرار دینے کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔

ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن کی جانب سے تمام یونیورسٹیوں کو لکھے گئے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کوالیفکیشن رجسٹرڈ میں جو یونیورسٹیاں پروگرام ڈیٹا میں پندرہ فروری تک اندراج نہیں کریں گی اُنہیں ایچ ای سی کی تمام نوعیت کی سکالر شپ کے لیے نااہل قرار دیا جائے گا۔

ایچ ای سی نے وارننگ جاری کی ہے کہ پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹرڈ مکمل نہ کرنے پر متعلقہ یونیورسٹیوں کی ڈگریوں کی تصدیق،ایچ ای سی کے منظور شدہ سپروائزر، نیشنل ریسرچ گرانٹس فار یونیورسٹیز، انڈیجینئس سکالر شپ، اوورسیز سکالر شپ اور نیشنل ریسرچ پروگرام فار یونیورسٹیز سے خارج کر دیا جائے گا۔

کیونکہ مذکورہ تمام کیٹیگریز کو پاکستان کوالیفیکیشن رجسٹرڈ کے ساتھ منسلک کر دیا گیا ہے۔

ایچ ای سی کے مراسلے میں یونیورسٹیوں کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے فوکل پرسنز کے ذریعے سے پی کیو آر میں ڈیٹا کا اندراج پندرہ فروری سے پہلے مکمل کر لیں۔

ایچ ای سی کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن کے مطابق جن یونیورسٹیوں کو اپنی ڈگریوں کے اندراج میں مشکلات کا سامنا ہے وہ فوری طور پر بذریعہ ای میل آگاہ کر دیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کوالیفکیشن رجسٹرڈ میں تمام یونیورسٹیوں کی جانب سے آفر کی جانے والی ڈگریوں کی تفصیلات کو آن لائن سافٹ ویئر میں درج کرنا ہے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن اس رجسٹرڈ کے ذریعے منظور شدہ اور غیر منظور شدہ ڈگریوں کی تفصیلی فہرست مرتب کرنے جارہی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *