ایچ ای سی: پی ایچ ڈی تھیسز پڑتال کیلئے 47 ممالک کی فہرست جاری
- April 12, 2017 2:21 pm PST
اسلام آباد
ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے تھیسز کی جانچ پڑتال کے لیے ممالک کی فہرست جاری کر دی۔ نیشنل کوالٹی ایشورنس کمیٹی کی مرتب کردہ اس فہرست کے علاوہ کسی ملک سے پی ایچ ڈی تھیسز کی پڑتال غیر قانونی ہوگی۔
ایچ ای سی نے سرکاری یونیورسٹیوں میں پی ایچ ڈی تھیسز کی پڑتال کے لیے 47 ممالک کے نام فائنل کیے ہیں اور اس فہرست کو یونیورسٹیز کے سربراہان کو ارسال بھی کر دیا گیا ہے۔ نیشنل کوالٹی ایشورنس کمیٹی نےانگریزی، اُردو، فارسی، عربی زبان کے پی ایچ ڈی تھیسز کے لیے فہرست مرتب کی ہے۔
ایچ ای سی کی جانب سے تیار کی گئی اس نئی فہرست میں فارسی مضمون میں پی ایچ ڈی کے تھیسز جانچ پڑتال کے لیے افغانستان اور ایران بھیجیں جائیں گے۔ عربی، اسلامیات کے پی ایچ ڈی تھیسز برونائی، بھارت، نائیجریا اور تمام عرب ممالک میں بھیجے جاسکتے ہیں۔
کروشیا، ایستونیا، جارجیا، سلووینیا میں پی ایچ ڈی ریاضی کے تھیسز بھیجنے کی اجازت دی گئی ہے۔
ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیز میں پروفیسرز اور ایسوسی ایٹ پروفیسرز کی سطح پر سلیکشن بورڈز منعقد کرنے سے پہلے اُمیدواروں کے پی ایچ ڈی تھیسز بیرون ممالک جانچ پڑتال کے لیے بھیجے جاتے ہیں۔