پنجاب کے سکولوں میں ہیڈ ماسٹرز، پرنسپلز کی 3 ہزار 580 اسامیاں خالی

  • June 11, 2018 3:28 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: حافظ اعجاز بشیر

پنجاب کے سرکاری سکولوں میں پانچ سال سے سربراہان کے اہم ترین عہدے خالی پڑے ہیں اور ان خالی عہدوں پر تقرریوں کے لیے محکمہ سکولز ایجوکیشن کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب کے سرکاری سکولوں میں ڈپٹی ہیڈ ماسٹر،ہیڈ ماسٹر،سینئر ہیڈ ماسٹر اور پرنسپلز کی تین ہزار پانچ سو اسی اسامیاں خالی پڑی ہیں اور ان پر تعیناتیاں نہیں کی جارہی۔ سکولوں میں جونیئر اساتذہ کو ہیڈ ماسٹر کے عہدوں کا چارج دینے کے باعث پنجاب میں پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کی داخلہ مہم بھی بُری طرح متاثر ہوئی ہے۔

تعلیمی سربراہان کی تقرریاں نہ ہونے سے انتظامی و مالی امور شدید متاثر ، شرح خواندگی کے مطلوبہ نتائج حاصل نہ ہو سکے،پڑھا لکھا پنجاب کا خواب بھی ادھورا رہ گیا۔تفصیلات کے مطابق اس وقت پنجاب بھر میں ہائی اور ہائر سیکنڈری سکولوں کے سربراہان کی منظور شدہ آسامیوں کی کل تعداد 7942 ہیں جن میں 3580 آسامیاں تاحال خالی ہیں۔

گریڈ17میں ڈپٹی ہیڈ ماسٹر کی منظور شدہ آسامیاں 172 جبکہ 80 آسامیاں خالی ہیں‘ گریڈ 18 میں ہیڈ ماسٹر کی منظور شدہ آسامیاں 4203 جبکہ 2659 آسامیاں خالی ہیں‘ گریڈ 19 میں سینئر ہیڈ ماسٹر کی منظور شدہ آسامیاں 1736 جبکہ 423 آسامیاں خالی ہیں‘ اسی طرح گریڈ 20 میں پرنسپل کی منظور شدہ آسامیاں 1331 ہیں جبکہ 351 آسامیاں خالی ہیں۔

سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے ملنے والے اعداد و شمار کے مطابق صوبائی دارلحکومت لاہور ،قصور، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، ملتان، راولپنڈی، ڈی جی خان، فیصل آبادسمیت صوبہ کے 36اضلاع میں گریڈ 17 میں ڈپٹی ہیڈ ماسٹر ،گریڈ 18 میں ہیڈ ماسٹر‘ گریڈ 19 میں سینئر ہیڈ ماسٹر اور گریڈ 20 میں پرنسپل کی تعیناتیاں بروقت نہ ہونے سے سرکاری سکولوں میں انتظامی و مالی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔

اور قائم مقام چارج دینے سے نہ صرف تعلیمی اداروں میں امتحانی نتائج کی ناقص کارکردگی سامنے آرہی ہے،بلکہ اساتذہ کے اندرگروپنگ بھی فروغ پار رہی ہیے۔

ذرائع کے مطابق سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی غفلت اور عدم توجہی کے سبب پنجاب بھر کے 36 اضلاع میں انتظامی عہدوں پرعدم تعیناتیوںسے نہ صرف شرح خواندگی کے100فیصد نتائج حاصل ہو سکے بلکہ پڑھا لکھا پنجاب کا خواب بھی ادھورا رہ گیا ہے۔

اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر سیکرٹری سکولزایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر اللہ بخش ملک کا کہنا ہے کہ گریڈ 20 کی تعیناتیاں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں سلیکشن بورڈ کرتا ہے،سمری چیف سیکرٹری کو بھجوا دی ہے،تمام خالی آسامیوں پر تعیناتیوں کا عمل جلدمکمل کرلیا جائے گا۔

Sent from my Samsung Galaxy smartphone.

Leave a Reply

Your email address will not be published.