گوگل کے مفت آن لائن کورسز
- April 7, 2019 1:42 pm PST
لیاقت علی جتوئی
گوگل کی اپنی ایک وسیع دنیا ہے، اس لیے اگر آپ سمجھتے ہیں کہ گوگل محض ایک سرچ انجن ہے تو یہ پڑھنے کے بعد آپ کی سوچ یقیناً بدل جائے گی۔ جی ہاں، گوگل دنیا کا سب سے بڑا انٹرنیٹ سرچ انجن تو ہے ہی، مگر ساتھ ہی وہ اپنے صارفین (جو دنیا بھر میں کروڑوں میں ہیں) کو مفت آن لائن کورسز کے ذریعے انہیں اپنے کیریئر میں ترقی دینےکے لیے بھی کوشاں رہتا ہے۔
گوگل کے ان بلامعاوضہ آن لائن کورسز سے بچے ، ٹین ایجرز، کالج گریجویٹس اور پروفیشنلز، سب ہی فائدہ اُٹھا سکتے ہیں۔
چوتھے صنعتی انقلاب کے باعث، جاب مارکیٹ میں بڑی تیزی سے تبدیلیاں رونما ہورہی ہیں اور کالج گریجویٹس سے لے کر پروفیشنلز کو اپنی جاب مارکیٹ کی ضروریات پوری کرنے اور Relevantرہنے کے لیے ہر دن نئی صورت حال کا سامنا ہے، جن کا مقابلہ صرف نئی صلاحیتوں اور ہنر کے ذریعے ہی کیا جاسکتا ہے۔
اسی لئے گوگل کی ایک کوشش یہ بھی ہے کہ لوگوں کو نوکریوں کے پیچھے بھاگنے کے بجائے، انٹرپرینیورشپ کی طرف جاتے ہوئے خود اپنا باس بننا چاہیے ، تاکہ وہ نوکری لینے والے بننے کے بجائے نوکریاں دینے والے بن جائیں۔
گوگل یہ سب اپنے ایک پروجیکٹ گوگل گرو(https://grow.google)کے تحت کررہا ہے۔ انٹرنیٹ پر ویسے تو کئی بلامعاوضہ کورس دستیاب ہیں، جن میں سے آپ اپنی پسند کے کسی بھی کورس کا انتخاب کرکے سِیکھ سکتے ہیں۔
گوگل ان کورسز کے ذریعے طلبہ کے علاوہ اساتذہ،تاجروں، نوکری کی تلاش میں سرگرداں افراد اور ٹیکنالوجی ڈیویلپرز کو بھی ٹارگٹ کرتا ہے۔ اگر آپ انٹرپرینیور ہیں یا انٹرپرینیور بننا چاہتے ہیں تو گوگل اس سلسلے میں بھی ان مفت کورسز کے ذریعے آپ کی رہنمائی کرتا ہے۔ پروڈکٹ کیسے بنائی جائے، اسٹارٹ اَپ کیسےشروع کیاجائے یا ایپ مارکیٹنگ کیسے کرنی ہے، گوگل آپ کی ہر مرحلے پر رہنمائی کرے گا۔
آپ گوگل کے یہ مفت کورس تلاش کرکے اپنے لیے موزوں یا اپنی دلچسپی والے کورس کے لیے خود کو رجسٹر کرسکتے ہیں۔ درج ذیل میں گوگل کے سب سے زیادہ پڑھے جانے والے چندمفت کورسز کا تعارف پیش کیا جارہا ہے، تاکہ آپ کو اندازہ ہوسکے کہ گوگل یہ کام کس طرح کرتا ہے۔
اسٹارٹ اَپ شروع کرنے کا طریقہ
اگر آج کے باصلاحیت، خودمختار اور تعلیم یافتہ نوجوانوں سے پوچھا جائے کہ ان کا پسندیدہ شعبہ کون سا ہے توبہت سوں کا جواب یقیناً ’اسٹارٹ اَپ‘ ہی ہوگا۔ اگر آپ کا آئیڈیا مضبوط ہے ، لوگوں کی زندگیوں سے متعلق ہے اور ان کی زندگیوں میں کوئی فرق لاسکتا ہے تو اسٹارٹ اَپ کے ذریعے آپ مختصر سے عرصے میں اپنی قسمت اور مستقبل کے خود مالک بن سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں اگر آپ کو مزید کسی رہنمائی کی ضرورت ہے تو گوگل آپ کے لیے حاضر ہے۔
گوگل کا یہ مفت آن لائن کورس آپ کو اسٹارٹ اَپ شروع کرنے کا مجموعی جائزہ پیش کرے گا۔ اس میں آپ مشن اور وژن اسٹیٹمنٹ تحریر کریں گے، آپ کو یہ سِکھایا جائے گا کہ آپ کس طرح مینٹور اور ٹیم ممبر تلاش کرسکتے ہیں، اپنے اسٹارٹ اَپ کے لیے فنانسنگ کس طرح حاصل کرسکتے ہیں اور آپکو پچ ڈیسک(Pitch Desk)کس طرح بنانی ہے، جہاں آپ کسٹمرز یا VCsکو آن بورڈ لیں گے۔یہ کورس آپ تین ہفتوں میں مکمل کرسکتے ہیں۔
ایپ مونیٹائزیشن
گوگل کا یہ مفت آن لائن کورس، ایپ ڈیویلپمنٹ اور فری آن لائن کونٹینٹ (Content) سے متعلق ہے۔ اگر آپ کوئی ایپ بنانا چاہتے ہیں یا فری آن لائن کونٹینٹ بناکر اس سے پیسے کمانا چاہتے ہیں تو یہ کورس آپ کو اس شعبے میں بنیادی تربیت اور مہارت فراہم کرنے کا بہترین موقع دے گا۔ یہ کورس آپ ایک ماہ میں مکمل کرسکتے ہیں۔
ایپ مارکیٹنگ کیا ہے؟
ایپ مارکیٹنگ ایک اور اُبھرتا ہوا شعبہ ہے، جسے انٹرپرینیورز انتہائی پُرکشش سمجھتے ہیں۔ گوگل ایپ مارکیٹنگ کا یہ کورس بھی بلامعاوضہ پیش کرتا ہے۔ اگر آپ ایپ ڈیویلپر ہیں، اپنی ایپ لانچ کرنا چاہتےہیں اور اس سلسلے میں آپ کو رہنمائی درکار ہے تو گوگل کا یہ کورس آپ کے لیے آن لائن اور بالکل مفت دستیاب ہے۔
صرف ایپ ڈیویلپر ہی نہیں، یہ کورس ان تمام انٹرپرینیورز کے لیے بھی مفید رہے گا، جو آن لائن مارکیٹنگ کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ یہ کورس آپ دو ہفتوں میں مکمل کرسکتے ہیں۔
پراڈکٹ ڈیزائن
کیا آپ اپنے دماغ میں کسی پروڈکٹ کا زبردست آئیڈیا رکھتے ہیں؟ کیا آپ اس پروڈکٹ کو دنیا کے سامنے لانا چاہتے ہیں؟ اگر آپ کا جواب ’ہاں‘ میں ہے تو پھر یہ کورس آپ ہی کے لیے ہے۔ گوگل اس مفت آن لائن کورس کے ذریعے آپ کو اپنے آئیڈیا کو مزید بہتر بنانے، ایک موک اَپ (Mockup) تیار کرنے اور اسے جلد از جلد ڈیزائن کرنے میں مدد دینے کے علاوہ آپ کا ممکنہ صارفین کے ساتھ رابطہ قائم کروائے گا۔
اس تمام مشق سے آپ یہ اندازہ کرسکیں گے کہ مارکیٹ میں آنے کے بعد آپ کی پروڈکٹ اپنے لیے جگہ بنانے میں کامیاب ہوسکے گی یا نہیں۔ اس کورس کے ذریعے آپ اپنی پروڈکٹ کی ناکامی کے امکانات کو محدود کرسکتے ہیں۔
نیٹ ورکنگ
یہ کورس Grow with Googleکے انٹری لیول نصاب کا حصہ ہے، اس لیے اگر آپ ماہر نیٹ ورکنگ اور لنکڈ اِن صارف ہیں تو یہ کورس آپ کے لیے نہیں ہے۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپ کو اپنا لنکڈ اِن پروفائل مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے اورآپ سمجھتے ہیں کہ نیٹ ورکنگ کے پروگراموں میں آپ کو بہتر اور مزید مؤثر بننے کی ضرورت ہے، تو یہ کورس آپ کے لیے بہت مفید رہے گا۔
یہ کورس آپ ایک ہی کلاس میں مکمل کرسکتے ہیں، اس لیے ضرور اپلائی کریں۔ اس کورس کے ذریعے آپ کو یہ بھی سِکھایا جاتا ہے کہ آپ کسی کو ای میل کس طرح کریں کہ آپ اس کا یقینی جواب حاصل کرپائیں۔