جی سی یونیورسٹی لاہور میں خلاف ضابطہ پی ایچ ڈی داخلوں کا انکشاف

  • September 4, 2018 5:15 pm PST
taleemizavia single page

لاہور

گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں پی ایچ ڈی میں بغیر ایڈمیشن شیڈول کے داخلے کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ یونیورسٹی میں من پسند طلباء کو ایڈمیشن شیڈول کے بغیر ہی پی ایچ ڈی میں داخلہ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ ضوابط کے تحت یونیورسٹی ایڈمیشن شیڈول کے بغیر ڈائیریکٹ اینرولمنٹ کرنا غیر قانونی ہے۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے ضوابط کے مطابق میرٹ پر داخلوں کے بعد 18 کریڈٹ آورز کا کورس ورک مکمل کرنا ہوتا ہے جبکہ ایک سال بعد اُمیدوار کے لیے کمپری ہینسو امتحان پاس کرنے کی شرط بھی عائد ہے۔ جی سی یونیورسٹی لاہور طلباء کو محض تھیسز کے موضوع پر پروفیسر کی آمادگی کے بعد ہی پی ایچ ڈی میں داخلہ دے دیا جاتا ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ یونیورسٹی پی ایچ ڈی میں داخلوں کے لیے اخبار میں اشتہار جاری کرتی ہیں تاہم اس اشتہار میں داخلوں کی تاریخ کا آغاز اور آخری تاریخ مقرر نہیں کی جاتی اور سارا سال یونیورسٹی میرٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے طلباء کو پی ایچ ڈی میں داخلہ دیتی ہے۔

جی سی یونیورسٹی میں 10 مضامین میں پی ایچ ڈی کرائی جارہی ہے۔ ان مضامین میں بائیو ٹیکنالوجی، تاریخ، مائیکروبائیولوجی، پولیٹیکل سائنس، اُردو، باٹنی، ریاضی، فارسی، فزکس اور زوالوجی شامل ہیں۔

پی ایچ ڈی میں میرٹ پر داخلہ دینے کی بجائے اُمیدوار کو ہدایات جاری کی جاتی ہیں کہ وہ متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کے پروفیسر سے سپروائزری کی آمادگی و رضا مندی حاصل کر لے جس کے بعد ایڈوانسڈ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ بورڈ سے منظوری کے بعد داخلہ دے دیا جاتا ہے۔

جی سی یونیورسٹی نے مروجہ ایڈمیشن پالیسی کی سنڈیکیٹ اور اکیڈمک کونسل سے منظوری بھی حاصل نہیں کر رکھی ہے۔

ہائیر ایجوکیشن کمیشن پاکستان نے پی ایچ ڈی داخلوں میں ضوابط کی خلاف ورزی کے معاملے پر نوٹس لینے کا عندیہ دیا ہے۔

یونیورسٹی ترجمان کا موقف ہے کہ بورڈ کی منظوری کے ساتھ اُمیدواروں کو پی ایچ ڈی میں داخلے دیے جاتے ہیں اور میرٹ پر سختی سے عمل درآمد کیا جاتا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ عالمی معیار کے مطابق جی سی یو پی ایچ ڈی میں داخلے کرتی ہے۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *