راولپنڈی:سکولز میں مضر صحت پانی، انتظامیہ فلٹریشن پلانٹ لگائے گی
- November 24, 2017 11:17 am PST
اسلام آباد
راولپنڈی کینٹ ایریاز کے پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں طلبہ کو فراہم کئے جانے والے پانی کی ٹیسٹنگ پر 90فیصد نمونے مبینہ طور پر فیل ہونے پر تمام پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں فلٹریشن پلانٹس لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
راولپنڈی کینٹ بورڈ نے یہ فیصلہ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے بعد کیا ۔
کینٹ بورڈ کے عملہ نے فلٹریشن پلانٹس کی تنصیب کیلئے مختلف پرائیویٹ کمپنیوں سے مذاکرات شروع کر دیئے ہیں ، بچوں کی تعداد اور ان کی ضرورت کے مطابق چھوٹے بڑے فلٹریشن پلانٹ لگائے جائیں گے ، کینٹ بورڈ حکام کے مطابق ہر سکول خود یہ فلٹریشن پلانٹ لگائے گا تاکہ بچوں کو پینے کا صاف پانی فراہم ہو سکے ۔
راولپنڈی کینٹ بورڈ کے شعبہ سینی ٹیشن کے انچارج وارث بھٹی کے مطابق حال ہی کینٹ ایریاز کے سکولوں میں بچوں کو فراہم کئے جانے والے پانی کے سمپل حاصل کر کے ان کو گورنمنٹ پبلک اینالسٹ سے چیک کروایاگیا تو 90فیصد سمپل فیل آئے تھے جس پر ان تعلیمی اداروں کو بیس ، بیس ہزار روپے جرمانہ کیا گیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ فلٹریشن پلانٹس کی کمپنیوں سے مذاکرات جاری ہیں تاکہ جلد سے جلد یہ کام مکمل ہو سکے اور طلبہ کو پینے کا صاف پانی میسر آسکے۔