فیڈرل بورڈ: انٹرمیڈیٹ میں پنجاب کالج کی پہلی دو پوزیشنز، 24ہزار طلباء فیل
- July 31, 2017 5:16 pm PST
اسلام آباد
فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے انٹرمیڈیٹ سالانہ امتحان کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ ان امتحانات میں پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی فار ویمن ، خیابان صادق سرگودھا کی مشقات مبشر نے 1055 نمبر لے کر مجموعی طور پر پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
جبکہ پنجاب کالج ناظم الدین اسلام آباد کی سحر قدسیہ نے 1047 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن اور حمزہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج راولپنڈی کی نبیحہ عمران نے 1046 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
انٹرمیڈیٹ امتحانات میں 45 ہزار 876 ریگولر امیدواروں مین سے 36 ہزار 348 اُمیدوار کامیاب قرار پائے یوں کامیابی کا تناسب 79.23 فیصد رہا۔ میڑک میں 11 ہزار 305 پرائیویٹ اُمیدواروں میں 6 ہزار 115 اُمیدوار کامیاب ہوئے اور کامیابی کا تناسب 54.09 فیصد رہا۔
انٹرمیڈیٹ امتحان میں مجموعی طور پر کامیابی کا تناسب 74.26 فیصد رہا ہے۔
فیڈرل بورڈ کے تحت انٹرمیڈیٹ سائنس جنرل گروپ میں فوجی فاؤنڈیشن کالج فار گرلز راولپنڈی کینٹ کی عائشہ مُنیر نے ایک ہزار نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اس گروپ میں حمزہ آرمی پبلک سکول اینڈ کالج، شاہراہ اسٹیڈیم روڈ راولپنڈی کی سحر بانو نے 996 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن اور پنجاب کالج ناظم الدین روڈ اسلام آباد کی نبییہ سلمان نے 986 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
کامرس گروپ میں پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی آبپارہ اسلام آباد کے نعمان اکبر نے 964 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن، پنجاب کالج ناظم الدین روڈ اسلام آباد کی اقراء کوثر نے 955 نمبروں کے ساتھ دوسری اور پنجاب کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ابرار احمد خواجہ نے 950 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
انٹرمیڈیٹ امتحان میں ہیومینٹیز گروپ میں فوجی فاؤنڈیشن کالج فار گرلز لالہ زار راولپنڈی کی کائنات الطاف نے 966 نمبروں کے ساتھ پہلی پوزیشن، ایف جی انٹر کالج مانگلہ کینٹ کی سحرش بی بی نے 939 نمبروں کے ساتھ دوسری پوزیشن، اسلام آباد ماڈل کالج فار گرلز پوسٹ گریجویٹ کالج اسلام آباد کی صباء خالق نے 938 نمبروں کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
فیڈرل بورڈ کے ان امتحانات میں چھ ہزار 666 طلباء نے اے گریڈ میں امتحان پاس کیا جبکہ 9 ہزار 662 طلباء نے بی گریڈ، 10 ہزار 467 طلباء نے سی گریڈ میں، 4 ہزار 603 طلباء نے ڈی گریڈ میں اور 205 طلباء نے ای گریڈ میں امتحان پاس کیا ہے۔ ان امتحانات مین 14 ہزار 675 ریگولر اور 9 ہزار 505 پرائیویٹ اُمیدوار فیل ہوئے ہیں۔ فیڈرل بورڈ کے تحت امتحان دینے والے طلباء اپنے رول نمبرز کے ذریعے سے نتائج ویب سائٹ سے معلوم کر سکتے ہیں۔