فیڈرل بورڈ کے اساتذہ کیلئے خوشخبری؛ پرچوں کی مارکنگ فیس دُگنی ہوگئی

  • September 30, 2017 1:21 pm PST
taleemizavia single page

اسلام آباد

فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن اسلام آباد نے پرچوں کی مارکنگ کے نظام کو بہتر کرنے کے لیے فیسوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ پرچے چیک کرنے والے اساتذہ کو فی پرچہ پر اب 48 روپے معاوضہ دیا جائے گا جبکہ اس سے پہلے یہ معاوضہ 22 روپے مقرر تھا۔

بورڈ نے امتحانی نظام میں پرچوں کی چیکنگ کو مزید اپ ڈیٹ کرنے کے لیے اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے اور یہ ورکشاپ سالانہ بنیادوں پر ہوں گی جس میں بورڈ سے منسلک وہ اساتذہ جو پرچوں کی چیکنگ کرتے ہیں شرکت کریں گے۔

بورڈ حکام کے مطابق امتحانات کے اس اصلاحاتی پروگرام پر مجموعی طور پر سالانہ چالیس کروڑ روپے خرچ کیے جارہے ہیں۔

اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ میں پرچوں کی چیکنگ بھی کرائی جائے گی جس کا مقصد اساتذہ کی استعداد کاری کا جائزہ لینا ہے اور انہیں پرچوں کی چیکنگ میں مزید بہتری کی طرف لے کر جانا ہے۔

بورڈ کی جانب سے سرکاری سکولز اور کالجوں کے اساتذہ کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ پرچوں کی مارکنگ کے نئے سسٹم سے وابستہ ہونے کے لیے اپنی درخواستیں بورڈ کو جمع کرا دیں تاکہ انہیں شارٹ لسٹ کرنے کے بعد ٹریننگ شیڈول میں شامل کیا جاسکے۔

بورڈ نے اس ضمن میں یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ نجی تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو بھی ٹریننگ ورکشاپ میں شامل کیا جائے تاکہ ان اساتذہ کو بھی پرچوں کی چیکنگ میں تعینات کیا جاسکے۔

بورڈ نے شرط عائد کی ہے کہ صرف اُن اساتذہ کو پرچوں کی چیکنگ کی ڈیوٹیز پر تعینات کیا جائے جن کی سفارشات متعلقہ کالج کے پرنسپلز کے تصدیقی سرٹیفیکٹ اور اساتذہ کی مطلوبہ تعلیمی اہلیت پوری ہوگی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *