فاطمہ جناح میڈیکل کالج لاہور کو بطور “یونیورسٹی” تسلیم کر لیا گیا
- October 4, 2017 11:27 am PST
اسلام آباد
پاکستان میڈیکل ایںڈ ڈینٹل کونسل نے فاطمہ جناح میڈیکل کالج کو بطور یونیورسٹی فرسٹ شیڈول لسٹ میں شامل کر لیا ہے اب اس کالج کو یونیورسٹی بنانے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔ پی ایم ڈی سی کی جانب سے اس ضمن میں مراسلہ بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
ڈائریکٹر ریگولیشن پی ایم ڈی سی ڈاکٹر ارشد کریم چانڈیو کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور کا نام آرڈیننس کے شیڈول میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اب یونیورسٹی میں بیچلر آف میڈیسن اینڈ بیچلر آف سرجری ایم بی بی ایس کی ڈگریوں کی اجازت دے دی گئی ہے۔
پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے یہ مراسلہ آج لاہور ہائیکورٹ میں بھی جمع کرا دیا ہے۔ واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ میں فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی ڈگریوں کی تصدیق کے معاملے کا کیس دائر ہے جس پر آج سماعت کی جارہی ہے۔
ہائر ایجوکیشن کمیشن اور پی ایم ڈی سی کی جانب سے ڈگریوں کو تسلیم نہ کرنے کے معاملے پر فاطمہ جناح میڈیکل کالج کی طالبات لاہور میں متعدد بار احتجاجی مظاہرے بھی کر چکی ہیں۔