پنجاب: ایجوکیٹرز کی بھرتیوں میں عجلت، 8 ہزار سیٹیں تاحال خالی
- June 29, 2017 9:16 pm PST
لاہور: سید سجاد کاظمی
پنجاب حکومت نے گزشتہ سال اگست کے مہینے میں سرکاری سکولوں میں عارضی اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے ایجوکیٹرز کے اشتہارات جاری کیے تھے اور ایجوکیٹرز کی بھرتیوں کا دس مہینے پہلے شروع ہونے والا عمل اب مکمل ہوگیا ہے۔ اس عمل میں تاخیر متعلقہ افسران کی غفلت اور سست روی بنیادی وجہ ہے۔
پنجاب کے 36 اضلاع میں ایجوکیٹرز کی بھرتیوں کی فہرستیں جاری ہونے کے بعد بھی 8 ہزار 602 ایجوکیٹرز کی اسامیاں خالی رہ گئی ہیں جبکہ لاہور میں یہ تعداد ایک ہزار 141 ہے۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے ستمبر2016ء سے یعنی 10 ماہ سے سکیل 9,14اور 16 کے77 ہزار 450 اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری تھا جس پر تمام ڈسٹرکٹ کی جانب سے سست روی دکھائی جارہی تھی۔
محکمہ سکولز ایجوکیشن پنجاب نے متعدد بار اضلاع کو بھرتی کا عمل مکمل کرنے کی ہدایات جاری کیں مگر عمل درآمد نہ ہوسکا۔
اس کے بعد چند روز قبل محکمہ سکولز ایجوکیشن نے 30 جون تک بھرتی کا عمل مکمل نہ کرنے والے اضلاع کے متعلقہ آفیسرز کو عید چھٹیاں نہ دینے کا تحریری آرڈر جاری کیا تو تمام اضلاع نے بھرتیاں عید سے قبل مکمل کرکے لسٹیں آویزاں کردیں۔
انتہائی عجلت اور کارروائی سے بچنے کے لیے فہرستوں کو آویزاں کرنے کے باعث پنجاب بھر میں سکیل 9 کی 64 ہزار 899بھرتیوں میں سے57ہزار947ایجوکیٹرز بھرتی کئے گئے۔ سکیل 14 کی 9800 بھرتی میں سے 8231 اساتذہ بھرتی کئے گئے اورسکیل 16 کے ایجوکیٹرز اساتذہ کی بھرتی میں 2751 اساتذہ میں سے 2637 ٹیچرز بھرتی ہوسکے۔
نوویں سکیل کی بھرتی میں چار اضلاع قصور، راجن پور، ڈی جی خان اور جھنگ 100 فیصد بھرتی مکمل کرسکے اسی طرح سکیل 14کی بھرتی میں ایک ضلع 100 فیصد بھرتی مکمل نہ کرسکا۔
جبکہ16 سکیل کے اساتذہ کی بھرتی میں 10اضلاع قصور ، ننکانہ صاحب، میانوالی، بھکر ، لودھراں، پاکپتن، ٹوبہ تیک سنگھ ،ساہیوال، رحیم یار خان اور سیالکوٹ 100 فیصد بھرتی مکمل کرنے میں کامیاب رہے۔
اسی طرح لاہور میں سکیل 9 کی 825 سیٹوں میں 791 ٹیچرز بھرتی کئے گئے اور 34 پوسٹیں خالی رہ گئیں، سکیل 14 کی 245 سیٹوں میں سے 228اساتذہ کو رکھا گیا جس میں 17 ٹیچر ز کی یکروٹمنٹ مکمل نہ ہوسکی اور سکیل 16 کی 71 پوسٹوں میں سے 70 پر ہوئیں اور صرف ایک سیٹ خالی رہ گئی۔