طلباء فیلو شپ کیسے حاصل کریں؟
- March 16, 2018 11:05 am PST
لیاقت علی جتوئی
کیا آپ اپنے کیریئر کو مزید بلندیوں پر لے جانے کا ارادہ رکھتے ہیں؟ فیلوشپ آپ کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہوسکتی ہے۔ اگر دنیا گھومنے کا شوق بھی رکھتے ہیں تو بین لاقوامی فیلوشپ کے حصول کی کوشش کریں۔تین ماہ سے لے کر ایک سال اور اس سے زائد عرصے کے لیے آفر کی جانے والی فیلوشپ، آپ کے تجربے، انڈراسٹینڈنگ اوردنیاوی آؤٹ لک کو ایک نئی جہت فراہم کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے۔
فریش گریجویٹس، کالج اور یونیورسٹی سے فارغ ہونے کے بعد پروفیشنل فیلوشپ کو اپنی پہلی ’’نوکری‘‘اور پریکٹیکل لائف میں قدم رکھنے کا اولین موقع تصور کرتے ہیں، جبکہ مڈ۔کیریئر پروفیشنلز اسے ایک شارٹ ٹرم ایڈونچر کے طور پر لے سکتے ہیں۔
فیلوشپ پرسنل ڈیویلپ منٹ کے لیے بہترین پلیٹ فراہم فراہم کرتی ہے ۔ فیلو شپ ، عمومی طور پر کسی ادارے یاتنظیم کی جانب سے لیڈرشپ اور گریجویٹ اسٹڈیز کو فروغ دینے کے لیے اسپانسر کی جاتی ہے، تاکہ کسی خاص موضوع پر ریسرچ کو آگے بڑھایاجاسکے۔ کسی خاص شعبے میںنئے مواقع کی تلاش کے لیے بھی فیلوشپ آفر کی جاتی ہے۔
عمومی طور پر گریجویٹ اور انڈرگریجویٹ طلبا کو فیلوشپ آفر کی جاتی ہے، تاہم حالیہ برسوں میں کالج سے فارغ التحصیل طالب علموں کو پبلک پالیسی، آرٹ اور سوشل سائنسز کے شعبوں میں بھی فیلوشپ آفر کی جانے لگی ہے۔
فیلوشپ کی افادیت اپنی جگہ، لیکن نئے گریجویٹس اور مڈ کیریئر پروفیشنلز کے لیے ضروری ہےکہ وہ فیلوشپ کا انتخاب کچھ اس طرح سے کریں کہ یہ ان کے کیریئر گروتھ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کرلے۔
اس کے لیے ضروری ہے کہ فیلوشپ کے حصول سے پہلے کچھ عوامل کو مدنظررکھاجائے۔ اوراپلائی کرنے سے پہلے چند بنیادی نوعیت کے سوالات کے جوابات تلاش کیے جائیں۔
کیریئر کے کس مرحلے پر کس نوعیت کی فیلوشپ آپ کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگی؟
اکثر پروفیشنل فیلوشپ، تین ماہ سے لے کرایک سال تک کے دورانیہ کی اور کل وقتی ہوتی ہیں۔ فیلوشپ مکمل کرنے کے بعد اس بات کی گارنٹی نہیں ہوتی کہ آپ کو اپنی خواہش کے مطابق نوکری مل جائے گی۔ اس لئے آپ کو پروفیشنل اور پرسنل پلاننگ میں اسٹریٹجک سوچ کو اختیار کرنا ہوگا۔
مؤثر اور مسابقتی درخواست تیار کرنے کے لیے آپ کے پاس وقت اور مطلوبہ صلاحیت ہے؟
فیلوشپ حاصل کرنے کے لیے درخواست تیار کرنے کا عمل وقت طلب اور انتہائی مسابقتی ہوتا ہے۔پروفیشنل فیلوشپ کے لیے عمومی طور پر درخواست کے ساتھ تحریری مضامین، دو سے تین ریفرنس اور پروجیکٹ پروپوزل بھی جمع کرانے کے لیے کہا جاتا ہے۔اس کام کے لیے ہفتوں سے لے کر چند ماہ درکار ہوسکتے ہیں۔
اس لئے اپنے کالج، یونیورسٹی، دفتر اور گھر کی ضروریات کو مدنظر رکھنے کے بعد فیصلہ کریں کہ آیا آپ فیلوشپ کی تیاری کے لیے درکار وقت نکال پائیں گے یا نہیں۔ ریفرنسز کو ریکمینڈیشن لیٹر لکھنے کے لیے بھی کم از کم دو ہفتے کا وقت دینا چاہیے۔
کیریئر میں تبدیلی کے لیے ضروری اسکلز تجربہ
اپنےکیریئر کو لے کر آپ کو یہ اچھی طرح معلوم ہونا چاہیے کہ آپ کے لانگ۔ٹرم اہداف کیا ہیں اور کیا فیلوشپ ان اہداف کے حصول میں سودمند ثابت ہوسکے گی۔ فیلوشپ کا انتخاب صرف اسی صورت میں کریں، جب آپ کے طویل مدتی اہداف کے حصول میں یہ مددگار اور معاون ثابت ہو۔
کیا فیلوشپ میں آپ کو مالی اور نقل وحمل کے مطلوبہ وسائل دستیاب ہوں گے؟
پروفیشنل فیلوشپ میں عمومی طور پر اخراجات پورے کرنے کے لیے گرانٹ یا اعزازیہ فراہم کیا جاتا ہے، تاہم اکثر اوقات یہ گرانٹ کل وقتی نوکری میں ملنے والی تنخواہ کے مقابلے میں کم ہوتی ہے۔ فیلوشپ سے ملنے والی گرانٹ اور اپنے اخراجات کا اچھی طرح جائزہ لیں، تاکہ بعد میںآپ کو کسی ناخوشگوار صورت حال کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
ان چند ضروری سوالات کے جوابات تلاش کرنے کے بعد، اگلا مرحلہ فیلوشپ سے زیادہ سے زیادہ سیکھنے اور حاصل کرنے کے لیے لائحہ عمل کی تیاری ہے۔جس کے لیے مندرجہ ذیل نکات پر غور کرنا ضروری ہے۔
اپنے مقاصد واضح رکھیں
پہلی نظر میں، فیلوشپ ایک بہترین موقع معلوم ہوتی ہے، تاہم اس کا انتخاب صرف اس لئے ناکریں کیوں کہ آپ اپنے وقت کو استعمال کرنا چاہتے ہیں۔ یہ ضروری ہے کہ فیلوشپ آپ کے کیریئر کو ترقی دینے میں کردار ادا کرے۔
اپنی اہلیت جانچیں
حالانکہ عمومی طور پرفیلوشپ ، تعلیم کے میدان میں آپ کی کارکردگی کی بنیاد پر دی جاتی ہے، تاہم اس بات کو بھی یکساں اہمیت دی جاتی ہے کہ آپ نے زندگی میں کیا کامیابیاں حاصل کی ہیں، مستقبل کو لے کر آپ کے کیا منصوبے ہیں اور آپ انھیں کیسے حاصل کرنا چاہتے ہیں؟
خود کو مقابلے کے لیے تیار کریں
پرسنل اسٹیٹ منٹ، تحریری مضامین اور اپنے پورٹ فولیو کے ذریعے آپ کو یہ ثابت کرنا ہوگا کہ آپ بہترین انتخاب ہیں۔خوفزدہ نہ ہوں، رسک لیں اور آؤٹ آف باکس لائحہ عمل اختیار کرتے ہوئے سلیکشن کمیٹی کو متاثر کریں۔ رٹے رٹائے اور روایتی جوابات اور بیانیے سے باہر آئیں۔ آپ کی درخواست اتنی بھرپور ہونی چاہیے کہ سلیکشن کمیٹی کو اس میں آپ کی تعلیمی، ذاتی اور پیشہ روانہ کامیابیوں کی جھلک نظر آئے۔
زبردست پروجیکٹ اور پچ تیار کریں
پروجیکٹ پروپوزل آپ کی درخواست کے چند اہم ترین حصوں میں سے ایک ہے۔ آپ میں اپنے پروپوزل کو سلیکشن کمیٹی کو sell کرنے کی صلاحیت ہونی چاہیے کہ کاغذ پر درج یہ پروپوزل حقیقی دنیا میں کس طرح قابل عمل ہے۔ آپ کو سلیکشن کمیٹی کو اس بات پر قائل کرنا ہوگا کہ آپ اپنے شعبے میں بہترین کام کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، اور یہ فیلوشپ اس سلسلے میں زبردست لانچنگ پیڈ ثابت ہوگا۔
اہم لوگوں سے ریکمنڈیشن حاصل کریں۔
فیلوشپ درخواست میں ریکمینیڈیشن لیٹرز کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔ اس بات کویقینی بنائیں کہ آپ ان لوگوں سے رلیٹر حاصل کریں، جو آپ کو چند برسوں سے جانتے ہوں اور وہ پیشہ روانہ اور ذاتی زندگی میں آپ کی کامیابیوں، حاصلات اور صلاحیتوں سے اچھی طرح باخبر ہوں۔
انٹرویو میں فطری انداز اختیار کریں
فیلوشپ انٹرویو میں وہ کبھی بھی متاثرکن امیدوار کے طور پر سامنے نہیں آتے، جو مخصوص سوالوں کی مخصوص انداز میں پیشگی تیاری کرکے آتے ہیں۔ایسے امیدواروں سے جب کوئی آؤٹ آف باکس سوال پوچھا جاتا ہے تو ان کی سطحی صلاحیتوں کا پول کھل جاتا ہے۔ فیلوشپ کے لئے جن خوبیوں کو اہمیت دی جاتی ہے، ان میں چندیہ ہیں، جن کو مدنظر رکھتے ہوئےبہترین مطلوبہ نتائج حاصل کیے جاسکتے ہیں۔
طلباء میں تحریکی جذبہ، نظم و نسق اور دیانت داری، رابطے اور پیغام رسائی کے لیے بہترین باہمی اور تحریری صلاحیتیں، لیڈرشپ کی اعلیٰ صلاحیتیں اور لگن کا ہونا بھی ضروری ہے۔
انٹرویو کے لیے کوئی مخصوص طریقہ کار مقرر نہیں ہوتا۔ ایک یا ایک سے زائد انٹرویو، پینل انٹرویو یاامیدواروں کا سیچویشنل گروپ انٹرویو لیا جاسکتا ہے۔ سیچویشنل انٹرویو میں امیداروں کوایک مسئلے یا سوال کے حل کے لیے مل کر کام کرنے یا مشترکہ لائحہ عمل ترتیب دینے کے لیے کہا جاتا ہے۔
فیلوشپ، اسکالرشپ اور انٹرن شپ
انٹرن شپ، زیرتعلیم یا فریش گریجویٹس کی تربیت کے لیے ایک عارضی نوکری کی طرح ہوتی ہے۔کچھ انٹرن شپ میں اعزازیہ دیا جاتا ہے، جب کہ کچھ میں نہیں دیا جاتا۔ اس کے برعکس، فیلوشپ میرٹ بیسڈ ہوتی ہے، جہاں کسی بھی شعبہ میں مزید تعلیم کے حصول یا ریسرچ کے لیے فنڈنگ دی جاتی ہے۔
انٹرن شپ کے برعکس، اسکالرشپ بھی فیلوشپ کی طرح ایک قسم کی فنڈنگ ہوتی ہے۔ تاہم دونوں میں فرق یہ ہے کہ اسکالرشپ زیرتعلیم طالب علموں یا گریجویٹس کو اپنے موجودہ تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے دی جاتی ہے، جب کہ فیلوشپ مزید تعلیم اور ریسرچ کے لیے ہوتی ہے۔