ایجوکیشن اتھارٹی کا غیر رجسٹرڈ سکولز کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ

  • October 29, 2017 10:51 am PST
taleemizavia single page

راولپنڈی

نجی تعلیمی اداروں کی محکمہ تعلیم سے رجسٹریشن کیلئے ہیلپنگ ڈیسک قائم کر دیا گیا۔ ادہر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی نے غیر رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کیخلاف کریک ڈائون کا فیصلہ کر لیا۔ تمام ادارے30 نومبر تک رجسٹریشن کیلئے اپنے کیسز جمع کروا دیں۔

اس بات کا اعلان آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے ڈویژنل صدر اور ممبر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی ابرار احمد خان نے نجی تعلیمی اداروں کے سربراہان اور ایپسما کے عہدیداران کے ایک اجلاس میں کیا۔

اجلاس کی صدارت مرکزی سینئر نائب صدر محمد فرقان چوہدری نے کی جبکہ ڈویژنل جنرل سیکرٹری عامر انور، ضلعی صدر ابرار احمد ایڈووکیٹ، صدر تحصیل راولپنڈی آغا شہاب، راجہ محمد لقمان، قاضی ضیاء، سہراب خان، راجہ ثناء اللہ، ڈاکٹر محمد اعجاز راجہ، پروفیسر محمود اعجاز بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔

ابرار احمد خان نے کہا کہ اس وقت راولپنڈی ڈویژن سے متعلقہ اضلاع چکوال، جہلم، اٹک اور راولپنڈی کے ہزاروں نجی تعلیمی ادارے ایپسما سے وابستہ اور تنظیمی کوششوں کے نتیجے میں سہولتوں سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی چیف ایگزیکٹو آفیسر قاضی ظہور الحق کی سربراہی میں کام کر رہی ہے‘ نومبر میں نجی تعلیمی اداروں کی رجسٹریشن میں توسیع یا نئے ادارے کھولنے کے بارے میں فیصلے کئے جائینگے۔

ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کوشش ہے کہ کوئی نجی تعلیمی ادارہ رجسٹریشن سے نہ رہ جائے۔ ادارے جلد سے جلد اپنے کیسز محکمہ تعلیم کے دفتر میں جمع کروائیں ورنہ ان کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی طرف سے دی گئی ڈیڈ لائن کے ختم ہونے سے پہلے تمام غیر رجسٹرڈ ادارے اپنے سکول رجسٹرڈ کروائیں۔ اداروں کی رہنمائی اور معاونت کیلئے ہیلپنگ ڈیسک سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

اجلاس میں سینئر نائب صدر محمد فرقان چوہدری نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کے حل کیلئے کوششوں میں تیزی لائی جائیگی۔ معیاری تعلیم کیلئے حکومتی کوششوں میں ہاتھ بٹاتے رہیں گے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *