امریکہ کا ینگ ایمرجنگ لیڈر ایوارڈ پاکستانی طالبہ دانیہ حسن کے نام

  • May 4, 2018 12:25 am PST
taleemizavia single page

واشنگٹن: نوجوان پاکستانی طالبہ دانیہ حسن نے امریکا میں ایمرجنگ ینگ لیڈر کا ایوارڈ حاصل کرلیا دانیہ یہ ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستان کی کم عمر ترین لڑکی بن گئی ہیں۔

اٹھارہ سالہ دانیہ سمیت دنیا بھر کے 10 نوجوانوں کوینگ ایمرجنگ لیڈر کا ایوارڈ امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی طرف سےگزشتہ روز واشنگٹن میں منعقد ایک تقریب میں دیا گیا۔ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے دانیہ کو یہ ایوارڈ تعلیم کے شعبے میں اپنی خدمات انجام دینے، امن اور مفاد عاممہ کےلیےکام کرنے پر دیا گیا۔

دانیہ سمیت یہ ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر نوجوانوں کا تعلق عراق، انڈونیشیا، ترکی، بنگلہ دیش، لتھوانیا، ناروے، جنوبی افریقہ، پاناما اور تاجکستان سے ہے۔

امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ ایوارڈ نوجوانوں کو، تعلیم کے شعبے میں خدمات انجام دینے، امن اور مثبت کردار اداکرنے کےلیے دیا جاتا ہے۔ تقریب میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری سمیت امریکی حکام، پاکستان بزنس کونسل کے ارکان نے بھی شرکت کی۔ اعزاز چوہدری نے اس موقع پر کہا کہ پاکستانی خواتین روشن ذہن، پرعزم اور جذبوں سے سرشار ہیں۔

اٹھارہ سالہ دانیہ حسن پاکستان بھر میں تعلیم کے معیار کو بلند کرنے کی خواہاں ہیں۔ دانیہ دو سال قبل 2016 میں جان ہاپکنزیونیورسٹی کے ایکسچینج پروگرام میں شرکت کرچکی ہیں اور انہوں نے رضاکاروں کی مددسے ’فن ٹو لرن‘ نامی ادارے کی بنیاد رکھی۔ یہ ادارہ پسماندہ علاقوں میں سہولیات سے محروم اسکولوں میں بچوں کےلیے غیر نصابی پروگراموں کا انعقاد کرتا ہے۔

دانیہ اوران کی ٹیم حفظان صحت کے اصولوں اور صحت سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال کرتی ہے، ماحولیاتی آگاہی اور صاف ستھرے ماحول، اسکولوں کی حفاظت، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے اور اپنے دفاع کے حوالے سے بھی کام کرتی ہیں۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *