حکومت کا بڑا فیصلہ، ایچ ای سی کے اختیارات صوبوں کو منتقل

  • March 1, 2018 9:41 pm PST
taleemizavia single page

لاہور: آمنہ مسعود

اٹھارویں ترمیم کے بعد ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان اور صوبائی کمیشنز کے درمیان اختیارات کی جنگ کا تنازعہ مشترکہ مفادات کونسل نے ختم کرا دیا ہے اوراس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

یونیورسٹیوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ، نئے ڈگری پروگرامز کا اجراء اور پرائیویٹ یونیورسٹیز کھولنے کا اختیار صوبائی ہائرایجوکیشن کمیشن کو سُپرد کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ آئین پاکستان میں اٹھارویں ترمیم 2010ء میں کی گئی تھی جس کے تحت ہائر ایجوکیشن کو صوبوں کی ذمہ داری قرار دیا گیا تھااور آٹھ سال سے ایچ ای سی کے اختیارات پر سوالات قائم تھے۔

مشترکہ مفادات کونسل نے فیصلہ کیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کے مرتب کردہ ضوابط کو مد نظر رکھتے ہوئے صوبائی کمیشن یونیورسٹیز میں کوالٹی ایشورنس پر کام کریں گے اور اس کی براہ راست مانیٹرنگ کرنے کے ذمہ دار ہوں گے۔

مشترکہ مفادات کونسل نے یہ بھی فیصلہ کیا ہے کہ صوبائی کمیشن یونیورسٹیوں کے لیے ایڈوائزی کا بھی کام کریں گے اور یونیورسٹیوں کو حکومتی گرانٹس کے علاوہ دیگر ذرائع نے آمدن پیدا کرنے کی حکمت عملی پر بھی رہنمائی کریں گے۔

مشترکہ مفادات کونسل کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان مجاز ہوگا کہ وہ ریسرچ کے لیے یونیورسٹیز کو فنڈز جاری کرے گی جبکہ طلباء اور اساتذہ کو سکالر شپ دینے، اینڈومنٹ فنڈز، فیلو شپ اور ڈگریوں کی تصدیق کی ذمہ داری ہائر ایجوکیشن کمیشن کو سُپرد ہوگی۔

مشترکہ مفادات کونسل اس فیصلے کو تمام صوبوں میں نافذ کرائے گی اور اس پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا۔

یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہائر ایجوکیشن سے متعلق ضوابط، پالیسی، نصاب سازی، ایکوالینس آف کوالیفکیشن، ڈگریوں کی تصدیق، بین الاقوامی معائدات، اساتذہ اور ملازمین کی تقرریوں کا طریقہ کار وفاقی حکومت کی جانب سے طے کیا جائے گا۔

وزارت فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کے تحت مشترکہ مفادات کونسل کی سب کمیٹی کا اجلاس 9 فروری کو منعقد ہوا جس کے آفیشل میٹنگ منٹس جاری کیے گئے ہیں۔

اس اجلاس میں وفاقی وزیر محمد بلیغ الرحمن، چیئرمین ایچ ای سی پاکستان ڈاکٹر مختار احمد، وزیر ہائر ایجوکیشن پنجاب سید رضا علی گیلانی، فیڈرل سیکرٹری برائے تعلیم عامر اشرف خواجہ، چیئرپرسن سندھ ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر عاصم حسین، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر نظام الدین سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی تھی۔


Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *